اسلام آباد میں طوفانی بارش! سڑکیں ندی نالوں میں تبدیل، ٹریفک پولیس کی ہدایات جاری

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ اسکرین گریب)

دارالحکومت میں لگاتار برسنے والی طوفانی بارشوں کے پیش نظر اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کے تحفظ کے لیے ہنگامی بنیادوں پر خصوصی ٹریفک ایڈوائزری جاری کر دی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار حادثے سے بچا جا سکے۔

ٹریفک حکام نے موٹر سائیکل سواروں اور گاڑیوں کے تمام ڈرائیورز کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ پھسلن اور گیلی سڑکوں پر سفر کرتے وقت انتہائی احتیاط سے کام لیں اور گاڑیوں کی رفتار کو محدود رکھیں۔

شہریوں کو یہ بھی ہدایات جاری کی گئیں ہیں کہ وہ سفر کے دوران اگلی گاڑی سے معقول فاصلہ برقرار رکھیں اور صرف اپنی مقررہ لین میں ہی گاڑی چلائیں۔ اس کے علاوہ ڈرائیورز کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ برسات کے دوران فوگ لائٹس آن رکھیں، جبکہ سائیڈ مررز، انڈیکیٹرز اور سیٹ بیلٹس کا درست استعمال بھی لازمی طور پر یقینی بنایا جائے۔

دوسری جانب، موٹر سائیکل سواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ سڑک کی انتہائی بائیں لین استعمال کریں اور ہر صورت ہیلمٹ پہن کر ہی گھر سے نکلیں۔ خراب موسم میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہونے سے بچانے اور عوام کی راہنمائی کے لیے شہر کی اہم شاہراہوں پر اضافی ٹریفک پولیس اہلکار بھی تعینات کر دیے گئے ہیں۔

صرف دارالحکومت ہی نہیں بلکہ پنجاب کے دیگر اضلاع بھی اس بارش کی زد میں ہیں۔ نارووال میں وقفے وقفے سے ہونے والی رم جھم اور بارش کے نتیجے میں نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو چکا ہے، جبکہ منڈی بہاؤالدین میں بھی بادل کھل کر برسے ہیں۔

ادھر محکمہ موسمیات نے خطرے کی گھنٹی بجاتے ہوئے پیشگوئی کی ہے کہ آنے والے جمعے تک ملک کے بالائی اور وسطی حصوں میں بارشوں کا یہ سلسلہ مزید شدت اختیار کر سکتا ہے۔ محکمہ کے مطابق اسلام آباد، بالائی پنجاب، بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی مزید بارشوں کا قوی امکان موجود ہے۔

Related Posts