تباہی و بربادی کی نئی داستان! نالہ لئی میں پانی 22 فٹ سے اوپر، جڑواں شہر خطرے میں

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن؛ لائن)

راولپنڈی اور اسلام آباد میں کئی روز سے جاری موسلادھار مون سون بارشوں نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔ تازہ بارشوں کے بعد نالہ لئی میں کٹاریان کے مقام پر پانی کی سطح 22 فٹ سے تجاوز کرگئی جس پر انتظامیہ نے خطرے کی گھنٹیاں بجا دیں اور نالے کے اطراف رہائش پذیر افراد کو محتاط رہنے کی ہدایت کردی۔

مسلسل بارش کے باعث دونوں شہروں کے نشیبی علاقے زیرآب آگئے ہیں جبکہ نکاسی آب کے نظام پر بھی اضافی دباؤ پڑ رہا ہے۔ صورتحال سے نمٹنے کے لیے واسا کی ٹیمیں بھاری مشینری کے ساتھ نالہ لئی سمیت دیگر حساس مقامات پر موجود ہیں جہاں پانی کی سطح کی نگرانی کے ساتھ نکاسی آب کا کام بھی جاری ہے۔

حالیہ بارش کے اعداد و شمار کے مطابق سیدپور میں سب سے زیادہ 66 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی جبکہ جڑواں شہروں کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ برقرار ہے۔ گزشتہ چند روز کے دوران بار بار ہونے والی شدید بارشوں کے باعث کئی مقامات پر شہری سیلاب اور پانی جمع ہونے کی صورتحال پیدا ہوئی جس کے پیش نظر متعلقہ ادارے مسلسل الرٹ ہیں۔

دریائے سندھ میں نچلے درجے کا سیلاب برقرار

فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن لاہور کے مطابق دریائے سندھ میں کالا باغ، چشمہ، تونسہ اور گڈو بیراج کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا جارہا ہے جبکہ ملک کے دیگر بڑے دریاؤں میں صورتحال معمول کے مطابق ہے۔

انتظامیہ نے نالہ لئی، دریاؤں اور دیگر آبی گزرگاہوں کے قریب رہنے والے شہریوں کو محتاط رہنے، شدید بارش کے دوران غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے اور ضلعی انتظامیہ و امدادی اداروں کی جانب سے جاری ہدایات پر عمل کرنے کی تاکید کی ہے۔

Related Posts