کراچی میں معصوم بچوں پر ایچ آئی وی کا قہر، 4ماہ سے 8سال کے 15مزید بچے متأثر

تازہ ترین

تازہ ترین

ایچ آئی وی
(فوٹو: آن لائن)

کراچی میں بچوں میں ایچ آئی وی  کے مزید کیسز سامنے آنے سے تشویش میں اضافہ ہوگیا ہے۔ ولیکا اسپتال کے بعد اب سندھ ایمپلائز سوشل سیکیورٹی انسٹی ٹیوٹ کے لانڈھی اسپتال میں بھی 4 ماہ سے 8 سال تک کی عمر کے 15 بچوں میں ایچ آئی وی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ متاثرہ بچوں کا علاج اسی اسپتال میں جاری ہے۔

ذرائع کے حوالے سے سامنے آنے والی میڈیا رپورٹس  کے مطابق رواں سال جنوری میں 4، فروری میں 2، مارچ میں ایک، اپریل میں 5 اور مئی میں 3 بچوں میں ایچ آئی وی کی تشخیص ہوئی۔ ان کیسز کے سامنے آنے کے بعد وائرس کے ممکنہ ذرائع، جن میں آلودہ سرنجوں کا استعمال، طبی آلات کی غیر مؤثر صفائی یا غیر محفوظ خون کی منتقلی شامل ہو سکتے ہیں، تشویش کا باعث بن گئے ہیں، تاہم ان وجوہات کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں کی گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ولیکا سوشل سیکیورٹی اسپتال میں بھی تقریباً 100 بچوں میں ایچ آئی وی کی تشخیص ہو چکی ہے، جبکہ مناسب علاج بروقت نہ ملنے کے باعث 9 بچوں کے انتقال کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔

ان مسلسل کیسز کے بعد سندھ حکومت اور محکمۂ صحت سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ سوشل سیکیورٹی کے تمام اسپتالوں کا فوری طبی اور فرانزک آڈٹ کرایا جائے، ایچ آئی وی کے پھیلاؤ کی وجوہات کا تعین کیا جائے اور اگر طبی غفلت یا غیر محفوظ طبی طریقۂ کار ثابت ہو تو ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

Related Posts