تحریک انصاف والے ذاتی مراعات کے دیوانے! ارکان اسمبلی کیلئے تاحیات بلیو پاسپورٹ کی سفارش

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

خیبرپختونخوا اسمبلی میں پیش کیے گئے ایک نئے قانون کے مسودے نے سیاسی حلقوں میں توجہ حاصل کر لی ہے جس میں صوبائی اراکین اسمبلی کے اختیارات، مراعات اور قانونی تحفظات میں بڑے اضافے کی تجاویز شامل ہیں۔

مجوزہ قانون کے تحت ارکان اسمبلی کو تاحیات سرکاری (بلیو) پاسپورٹ، متعدد اسلحہ لائسنس، ٹول ٹیکس سے چھوٹ، اضافی سیکیورٹی اور وسیع قانونی استثنیٰ سمیت کئی سہولیات دینے کی سفارش کی گئی ہے۔

تحریک انصاف کی قیادت میں قائم خیبرپختونخوا اسمبلی نے خیبرپختونخوا اسمبلی اختیارات، استثنیٰ اور مراعات ایکٹ 2026 کا مسودہ پیش کیا ہے جس کے ذریعے صوبائی قانون سازوں کے اختیارات اور مراعات کے دائرہ کار کو مزید بڑھانے کی تجویز دی گئی ہے۔

مجوزہ قانون میں ارکان اسمبلی کے لیے تاحیات سرکاری پاسپورٹ، آٹھ تک نان پروہیبٹڈ بور اسلحہ لائسنس، ٹول ٹیکس سے مکمل استثنیٰ، جسٹس آف پیس کے اختیارات، اضافی سیکیورٹی اور مختلف نوعیت کے قانونی تحفظات شامل کیے گئے ہیں۔

بل کی سب سے نمایاں اور بحث طلب شقوں میں سے ایک کے مطابق کسی بھی رکن صوبائی اسمبلی کو اسپیکر کی اجازت کے بغیر گرفتار یا انتظامی حراست میں نہیں لیا جا سکے گا۔

مجوزہ قانون میں اسپیکر اسمبلی کو یہ اختیار دینے کی تجویز بھی شامل ہے کہ وہ کسی رکن کے خلاف ممکنہ کارروائی کی صورت میں متعلقہ اداروں سے رپورٹس طلب کر سکیں اور معاملے کی مکمل صورتحال کا جائزہ لے سکیں۔ اس کے علاوہ بعض مخصوص حالات میں زیرِ حراست رکن کو اسمبلی اجلاس یا کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے لیے عارضی رہائی بھی دی جا سکے گی۔

بل کے مطابق ہر رکن اسمبلی کو لازمی طور پر کیٹیگری بی سیکیورٹی فراہم کرنے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ جن ارکان کو زیادہ خطرات لاحق ہوں انہیں کیٹیگری اے سیکیورٹی دی جا سکے گی۔ اس کے ساتھ اراکین اسمبلی اور ان کی اہلیہ کے لیے سرکاری پاسپورٹ، اسمبلی شناختی کارڈ اور ملک بھر کے وی آئی پی ایئرپورٹ لاؤنجز تک رسائی کی سہولت بھی تجویز کی گئی ہے۔

مجوزہ قانون میں ہر رکن اسمبلی کو آٹھ تک نان پروہیبٹڈ بور اسلحہ لائسنس دینے کی سفارش کی گئی ہے جن میں چار لائسنس بغیر فیس جبکہ دیگر چار مقررہ فیس کی ادائیگی کے بعد جاری کیے جائیں گے۔ ارکان اسمبلی کو ملک بھر میں ٹول ٹیکس سے استثنیٰ اور سرکاری سرکٹ ہاؤسز، ریسٹ ہاؤسز اور ڈاک بنگلوں میں مفت قیام کی سہولت دینے کی تجویز بھی شامل ہے۔

بل کے ذریعے ارکان اسمبلی کے انتظامی اختیارات میں بھی اضافہ کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اراکین کو سرکاری محکموں، جیلوں، اسپتالوں، اسکولوں اور ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ کرنے کا اختیار دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ انہیں جسٹس آف پیس کے اختیارات دینے، گاڑیوں پر خصوصی اسمبلی رجسٹریشن پلیٹس استعمال کرنے اور رنگین شیشوں والی گاڑیاں چلانے کی اجازت دینے کی تجاویز بھی شامل ہیں۔

مجوزہ قانون کے تحت خیبرپختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں کو بھی مزید اختیارات دینے کی سفارش کی گئی ہے۔ کمیٹیاں کسی بھی شخص کو طلب کرنے، سرکاری ریکارڈ اور دستاویزات طلب کرنے کے ساتھ ساتھ احکامات پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف وارنٹ جاری کر کے انہیں اسمبلی کے سامنے پیش کرنے کی ہدایت دے سکیں گی۔

بل میں اسمبلی کارروائی کی میڈیا کوریج سے متعلق نئی پابندیوں اور قانونی اقدامات کی شقیں بھی شامل کی گئی ہیں۔ اسپیکر کی جانب سے عائد پابندی کے باوجود کارروائی نشر کرنا، گمراہ کن رپورٹس شائع کرنا، کمیٹی رپورٹس کو باضابطہ پیش کیے جانے سے قبل ظاہر کرنا یا اسمبلی استحقاق کی خلاف ورزی کرنا قانونی کارروائی کا باعث بن سکتا ہے۔

مجوزہ قانون کے مطابق اسپیکر اسمبلی کو صحافیوں اور میڈیا نمائندگان کے اسمبلی داخلے کو محدود کرنے یا ان کی رسائی ختم کرنے کا اختیار بھی دیا جائے گا۔

Related Posts