تحریک انصاف کے رہنما جماعت اسلامی کے در پر! حافظ نعیم اے پی سی شرکت کی دعوت

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

جماعت اسلامی نے تحریک انصاف کی جانب سے آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں شرکت کی دعوت قبول کرتے ہوئے خیبرپختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی کے نفاذ کی مخالفت کا اعلان کردیا۔

اسلام آباد میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن سے پی ٹی آئی اور دیگر اپوزیشن رہنماؤں کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان، سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ ناصر عباس اور سینئر سیاست دان مصطفیٰ نواز کھوکھر سمیت دیگر رہنما شامل تھے۔

ملاقات کے بعد حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ جماعت اسلامی کو اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی جسے قبول کرلیا گیا ہے۔ ان کے مطابق امن و امان، معاشی صورتحال، عوام کے حق حکمرانی اور جمہوری عمل جیسے معاملات پر سیاسی جماعتوں کے درمیان مشترکہ لائحہ عمل ضروری ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی خیبرپختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی کے نفاذ کی حمایت نہیں کرے گی اور آئین کو متاثر کرنے والے کسی اقدام کی مخالفت کرے گی۔

علامہ ناصر عباس نے کہا کہ اے پی سی کا مقصد سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر لاکر ملکی مسائل پر مشاورت اور ممکنہ حل تلاش کرنا ہے۔ انہوں نے سیاسی و سماجی تقسیم کم کرنے کے لیے تمام فریقوں کے درمیان مذاکرات کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

Related Posts