علم حاصل کرو اگرچہ تمہیں چین جانا پڑے

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

یہ روایت ان الفاظ کے ساتھ ملتی ہے: اطلبوا العلم ولو بالصین  یعنی علم حاصل کرو،  اگرچہ تمہیں چین جانا پڑے۔ اور اسے امام بیہقی رحمہ اللہ نے “شعب الایمان” میں اور خطیب بغدادی رحمہ اللہ نے “کتاب الرحلۃ” میں اپنی سندوں کے ساتھ حضرت انس رضی اللہ عنہ سے مرفوعا ذکر کیا ہے، لیکن اکابر محدثین نے ان سندوں کو ضعیف قرار دیا ہے۔

چنانچہ امام ابن حبان نے اس کو باطل قرار دیا اور امام ابن جوزی رحمہما اللہ نے موضوع روایات سے متعلق اپنی کتاب میں اس روایت کو بھی ذکر کیا ہے، اس لیے محدثین کے بیان کردہ قواعد کی روشنی میں اس حدیث کو بیان کرنا درست نہیں۔  یاد رہے کہ بعض اہلِ علم نے تاریخی واقعات وقرائن سے اس روایت کی تائید پیش کرکے اسے حدیث ثابت کرنے کی کوشش کی ہے،لیکن محدثین کے ہاں جب سندا ًروایت کا ثبوت نہ ہو تو خارجی قرائن سے وہ ثابت قرار نہیں  دی جاسکتی ۔
محدثین کے اختلاف کے باوجودتحصیل علم کی جانب رغبت کیلئے اسے بیان کرنا بھی بہتر ہی ہے ، مگر اس وقت اصل بحث یہ نہیں کہ کون سے محدثین اس کوضعیف سمجھتے ہیں اورکون سے مستند سمجھتے ہیں ، اس وقت اس بحث کا مقصد یہ ہے کہ چین دنیا پر اپنی  معیشت کی دھاک تقریباً بیٹھا چکا ہے ،اس کے باوجود وہ پاکستان کو اپنا دوست ملک سمجھتا ہے ،اور چہ چائیکہ پاکستان سے ہم وہاں سیکھنے جائیں وہ ہمیں سکھانے ہمارے ملک بھی آ گیا ہے ۔

مبلغین کا معروف مقولہ ہے کہ جس کام میں انسان اپنا وقت ، اپنی جان اور اپنا پیسہ خرچ کرتا ہے اللہ تعالی اس کا انعام ضرور دیتا ہے ، بعینہ چین نے اپنے لوگ ، اپنا سرمایہ اور اپنا قیمتی وقت دیکر لوگ پاکستان بھیجا جہاںپر باقاعدہ Sichuanنارمل یونیورسٹی کے اشتراک سے غیر منافع بخش تعلیم کا سلسلہ شروع کیا جس کو کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ (CIUK) کانام دیا گیا تھا ۔

ماضی میں 2013میں چین اور پاکستان کے تعلیمی اداروں کے مابین اس سلسلے کاآغاز ہوا ، جس کا بنیادی مقصدچینی زبان و بیان اور وہاں کی ثقافت کو سمجھنا اورپاک چین عوام کے درمیان باہمی رابطے کو فروغ دیناتھا ۔پاکستان میں اپنے لحاظ سے یہ منفرد سلسلہ ہے جو کسی بھی ملک کی زبان کے حوالے سے سب سےبڑا پروگرام ہے ، اس پروگرام کے تحت BS2+2میں داخلہ لینے کے بعد طلبہ کو دو سال چینی اساتذہ کے ساتھ پاکستانی یونیورسٹی میں زبان و بیان کے اسرار و رموز سکھائے جاتے ہیں جس کے بعد اس طالب  علم کو اگلے دو سال کے لئےچین کی Sichuanنارمل یونیورسٹی میں دو سالہ اسکالر شپ دی جاتی ہے ،  اور پھر  دونوں یونیورسٹیوں کی طرف سے مشترکہ بی ایس کی ڈگری جاری کی جاتی ہے۔
کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ میں دو کمپیوٹر لینگویج لیب اور ایک لائبریری کی سہولت دی گئی ہےجس میں 8000 کتابوں کا ذخیرہ ہے، اس سینٹر کے جدید کلاس روم ، کانفرنس ہال  اور آڈیٹیوریم وغیرہ میں ایئر کنڈیشنڈکی سہولیات موجود ہیں ۔اس بی ایس کی ڈگری کے بعد طلبہ کیلئے روزگارکے مواقع کا تناسب 100فیصد ہے ،بی ایس کرنے والےطلبہ تحقیق ، ترجمہ و تشریح ، میڈیا  اور بین الاقوامی تجارت سمیت متعلقہ فکلیٹی میں بآسانی ملازمت حاصل کررہے ہیں ۔

کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ میں پہلے چینی ڈائریکٹر Zhang-Xiaoping تھے جو تین سال کے لئے 2013میں یہاں تعینات ہوئےتھے جس کے بعد مسٹر لی کو یہاں 3سال کے لئے بھیجا گیا تھا جو 2020میں واپس گئے جس کے بعد دوبارہ Zhang-Xiaopingکو بھیجا گیاتھا ۔جن کے ساتھ 6چینی لیکچررز تعینات کیئے گئے تھے جن میں سے لیکچرر Wang-Yuqingاس حادثہ میں زخمی ہوئے ہیں اور Ding-Mufanکےساتھ ساتھ پروفیسر Huang-Guipingاور chen-saiفوت ہوئی ہیں ۔

عالمی ذرائع ابلاغ کی شہ سرخیوں کا حصہ بننے والے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ صرف جامعہ کراچی میں ہی نہیں بلکہ دیگر بھی جامعات میں چل رہے ہیں ، چین کی دوستی کا ثبوت یہ کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ جامعہ کراچی کے علاوہ پنجاب یونیورسٹی ،نیشنل یونیورسٹی برائے ماڈرن لینگویج کے علاوہ دیگر جامعات میں بھی قائم کیئے گئے ہیں ،تاہم جامعہ کراچی اور ای ای ڈی کے علاوہ دیگر کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ میں فرق یہ ہے اول الذکر دونوں میں فکیلٹی چینی اساتذہ پر مشتمل ہے حب کہ باقی جامعات میں فکیلٹی پاکستانی اساتذہ کی ہے ۔پاکستانی تھنک ٹینک پاکستان چائنا انسٹی ٹیوٹ کے مطابق پاکستان میں مختلف سطحوں پر اس وقت مجموعی طور پر 30 ہزار سے زائد طلبہ چینی زبان سیکھ رہے ہیں ۔جب کہ جامعہ کراچی سے 3 ہزار طلبہ مستفید ہوئے ہیں ۔

پاکستانی عوام کی جانب سے یہ امید ظاہر کی جارہی ہے کہ جس طرح حدیث میں چین جا کر علم حاصل کرنے کی جانب راغب کیا گیا تھا ، دونوں ممالک کی دوستی کی وجہ سے چین خود ہمیں سکھانے یہاں آگیا مگر ہمارے ملک میں بیٹھے اندرونی دشمن کو چَین نہیں آیا اور اس نےچِین کو ہم سے دور کرنے کی مذموم کوشش کی ہے ، امید یہی ہے کہ  چین ہماری بے چَین حالت کو دیکھتے ہوئےمحبتوں کے یہ سلسلے دراز ہی رکھے گا ۔

Related Posts