کراچی کے علاقے گلشنِ اقبال کے رہائشیوں نے علاقے میں مبینہ طور پر غیر قانونی شراب کی سپلائی میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ رات کے اوقات میں شراب کی ہوم ڈلیوری کا نیٹ ورک کھلے عام کام کر رہا ہے۔
شہریوں کے مطابق مبینہ شراب فروش رات بھر سرگرم رہتے ہیں اور ایک فون کال پر ’’10 منٹ میں ڈلیوری‘‘ فراہم کرنے کا دعویٰ کرتے ہیں۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ گلشنِ اقبال میں موجود بعض وائن شاپس پر پہلے بھی مبینہ طور پر غیر قانونی طور پر شراب فروخت کرنے کے الزامات سامنے آتے رہے ہیں، جن میں کم عمر افراد اور مسلمانوں کو شراب فروخت کرنے کے دعوے بھی شامل ہیں۔ شہریوں کے مطابق اب صورتحال مزید سنگین ہوگئی ہے اور مبینہ سپلائرز رات بھر گھروں تک شراب پہنچانے کی سہولت فراہم کر رہے ہیں۔
شہری شکایات کے مطابق امبروز، طارق اور جان نامی افراد مبینہ طور پر رات کے وقت شراب کی سپلائی میں ملوث ہیں۔
علاقہ مکینوں نے الزام عائد کیا ہے کہ عزیز بھٹی تھانے اور گلشن اقبال تھانے کی مبینہ غفلت کے باعث یہ سرگرمیاں جاری ہیں۔ شہریوں کا دعویٰ ہے کہ بھاری رقوم کے عوض مبینہ طور پر اس معاملے پر خاموشی اختیار کی جا رہی ہے۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ گلیوں اور محلوں میں موٹر سائیکلوں کے ذریعے رات گئے شراب کی ڈلیوری معمول بنتی جا رہی ہے۔
شہریوں نے مبینہ نیٹ ورک کے خلاف فوری کارروائی اور خاتمے کے لیے ایس ایس پی ایسٹ اور ڈی آئی جی ایسٹ کو متعدد درخواستیں بھی جمع کرائی ہیں، تاہم حکام کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








