کوئٹہ: کوئلے کی کان میں دھماکا، 30 سے زائد کان کن جاں بحق

تازہ ترین

تازہ ترین

کوئٹہ
(فوٹو: جیو نیوز)

بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں کوئلے کی کان میں دھماکے کے نتیجے میں 30 سے زائد کان کن جاں بحق ہوگئے ہیں۔ دھماکے کے بعد ریسکیو کارروائیوں کے دوران 34 کان کنوں کی لاشیں نکال لی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق دھماکہ کوئٹہ کے نواحی علاقے سورینج میں ہوا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ دھماکے کے باعث متعدد کان کن کوئلے کی کان میں پھنس گئے جن کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے سے متأثرہ کان سے اب تک 34 افراد کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں۔ صوبائی وزیر مائنز اینڈ منرلز شعیب نوشیروانی کے مطابق ریسکیو ٹیموں نے انتہائی مشکل حالات کے باعث آپریشن مسلسل جاری رکھا ہوا ہے۔

وزیر مائنز اینڈ منرلز کا کہنا ہے کہ متأثرہ کان میں دیگر مزدور بھی پھنسے ہوئے ہیں جن تک رسائی کیلئے دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے۔ حکومت افسوسناک واقعے میں جاں بحق کان کنوں کے اہل خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

شعیب نوشیروانی نے کہا کہ حکومت جاں بحق مزدوروں کے لواحقین کو فی کس 5 لاکھ روپے اور زخمیوں کو 3 لاکھ روپے معاوضہ ادا کرے گی جبکہ حادثے کی تمام پہلوؤں سے تفتیش کی جائے گی۔

خیال رہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق کوئلے کی کان میں دھماکہ میتھین گیس کے باعث ہوا۔ دھماکے کے وقت خیبر پختونخوا کے علاقے شانگلہ سے تعلق رکھنے والے تمام مزدور کان مین کام کر رہے تھے۔ واقعے کی مزید تفتیش اور ریسکیو کارروائی جاری ہے۔

Related Posts