صاف پانی کا بڑا منصوبہ شروع، کم آمدن والے گھرانوں کو ترجیح دینے کا حکم

تازہ ترین

تازہ ترین

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کے ہر فرد اور ہر گھر کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے پنجاب کی تاریخ کے بڑے واٹر سپلائی منصوبے کا آغاز کردیا۔

منصوبے کے پہلے مرحلے میں نارتھ، سینٹرل اور ساؤتھ پنجاب کے 6 اضلاع میں پائپ لائنز کے ذریعے صاف پانی کی فراہمی کا پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جائے گا۔

پہلے مرحلے کے لیے لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، چکوال، راجن پور اور مری کا انتخاب کیا گیا ہے، جہاں پائپ لائنز کے ذریعے شہریوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کم آمدن والے گھرانوں کو منصوبے میں ترجیح دینے اور پینے کے صاف پانی سے محروم علاقوں تک پانی پہنچانے کی سخت ہدایت کی ہے۔

پانی کی شدید قلت اور آلودگی سے متاثرہ علاقوں میں فلٹریشن پلانٹس، بوتل بند پانی اور باؤزرز کے ذریعے فوری پانی فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ نے ڈپٹی کمشنرز راجن پور اور چکوال سے ان کے علاقوں میں پانی کی دستیابی سے متعلق فوری رپورٹس طلب کرلی ہیں۔

اجلاس میں منصوبے کی پائیداری کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی تجویز کا بھی جائزہ لیا گیا، جبکہ سرکاری بوتل واٹر پلانٹس کو مکمل استعداد کے ساتھ چلانے کے احکامات جاری کیے گئے۔

مریم نواز نے کوہِ سلیمان کے دور دراز اور دشوار گزار علاقوں میں بوتل بند پانی کی کامیاب فراہمی پر متعلقہ ٹیموں کو شاباش دی۔

وزیراعلیٰ نے واسا، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو منصوبے کی فوری اور شفاف تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

Related Posts