کراچی: نجی ٹی وی کے اینکر مرید عباس قتل کیس میں نامزد ملزم عادل زمان کے علاقۂ غیر فرار ہونے کی اطلاع دیتے ہوئے پولیس نے گرفتاری میں ناکامی کا اعتراف کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سنٹرل کی عدالت میں مرید عباس قتل کیس کی سماعت ہوئی جس کے دوران پولیس نے ملزم عادل زمان کے روپوش ہونے سے متعلق رپورٹ عدالت میں پیش کردی۔
رپورٹ میں کراچی پولیس نے بتایا کہ ملزم عال زمان علاقۂ غیر فرار ہوگیا ہے جسے ہم گرفتار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جس پر عدالت نے مفرور ملزم عادل زمان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری ایک بار پھر جاری کردئیے۔
مرید عباس قتل کیس میں عدالت نے ملزم عادل زمان کو گرفتار کرکے 7 نومبر تک پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے عادل زمان کے ضمانتی محمد نذیر کو بھی طلبی کا نوٹس جاری کردیا ہے۔
قتل کیس کی مدعیہ زارا عباس اپنے والد کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں۔ مرکزی ملزم عاطف زمان پیش ہوا جبکہ ملزمان کے وکلاء غیر حاضر رہے جس پر عدالت نے کہا کہ آئندہ سماعت پر عاطف زمان کا کیس عادل زمان سے الگ کردیا جائے گا۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل سپریم کورٹ نے سندھ ہائیکورٹ کا عادل زمان کی ضمانت پر رہائی کا حکم معطل کردیا۔ مرید عباس قتل کیس کے اہم ملزم کو دوبارہ گرفتار کرکے جیل بھیجنے کا حکم دیا گیا۔
پولیس والے دیکھتے رہ گئے اور عادل زمان گزشتہ ماہ بائے بائے کرتا پیدل سپریم کورٹ سے فرار ہوگیا، مرید عباس کی بیوہ زارا عباس نے سپریم کورٹ میں درخوات دائر کی تھی۔
مزید پڑھیں: مرید عباس قتل کیس، عادل زمان پولیس کی موجودگی میں عدالت سے فرار