وزیراعظم کا عوام کو ریلیف دینے کا عزم خوش آئند: عملی اقدامات بھی کئے جائیں۔۔۔

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

وزیراعظم عمران خان نے ملک میں مہنگائی بڑھنے پر اپنی معاشی ٹیم پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اس معاملے پر مِس گائیڈ کیا جا رہا ہے، وزیراعظم کا کہنا ہے کہ ملک میں مہنگائی کنٹرول نہیں ہو رہی۔ گزشتہ روز ملک میں گندم کی صورتحال کے حوالے سے اجلاس میں انہوں نے آٹا، گندم کی فراہمی اور عوام کو ریلیف دینے کے احکامات جاری کیئے۔

پاکستان تحریک انصاف ملک و قوم کو مسائل سے نجات دلانے کے بلند بانگ دعوئوں کے تحت اقتدار میں آئی تاہم پی ٹی آئی نے اپنے اقتدار کے ابتدائی عرصہ میں ہی عوام کو مہنگائی کے دلدل کی جانب دھکیل دیاہے۔ملک میں مہنگائی تشویشناک حدتک بڑھ چکی ہے۔

اشیاء خوردونوش عوام کی پہنچ سے دور ہوچکی ہیں۔ بجلی‘ گیس‘ پیٹرول ادویات کے نرخوں میں اضافہ سے مہنگائی کے عفریت نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے جس کی وجہ سے خود حکومت کیلئے مہنگائی کے بڑھتے مسائل پر اپنا دفاع کرنا مشکل ہورہا ہے۔

قوم وزیراعظم عمران خان کے عزم سے خوب واقف ہے ،وزیراعظم کی نیت پر کسی کو کوئی شک ہے نہ خلوص پر شبہ ہے جبکہ آئینی و قانونی ادارے بھی اس وقت حکومت کے ساتھ ایک پیج پر ہیں ،تمام سرکاری محکمے بھی حکومتی ہدایات پر عملدرآمد کے منتظر رہتے ہیں اس لیئے بنیادی ضروریات زندگی کی اشیاء خورد و نوش کی فراہمی یقینی کی ارزاں نرخوں پر عوام کو فراہمی یقینی بناکر ترقی و خوشحالی اور مضبوط معیشت کا خواب شرمندہ تعبیر بنایا جائے۔

سوال یہ ہے کہ آئی ایم ایف سے قرض، سعودی عرب‘ متحدہ عرب امارات، چین اورقطر سے بیل آئوٹ پیکیج لینے کے باوجود عوام کو ریلیف ملنے کے بجائے غربت اور مہنگائی کے مسائل بڑھتے کیوں چلے جارہے ہیں۔آج حکومت کوسب سے زیادہ مہنگائی پر عوامی تشویش اور ردعمل کا سامنا ہے ۔

حکومت ملک کی معاشی بدحالی دور کرنے کے اقدامات اٹھانے کے ساتھ عوام کو روٹی ،روزگار اور غربت، مہنگائی کے مسائل سے نجات دلانے کیلئے ٹھوس پالیسی مرتب کرلیتی تو عوام کا اعتماد بھی مزید مستحکم ہوجاتا مگر تاہم ایسا ممکن نہیں ہوسکا۔

وزیراعظم کو خود روزافزوں مہنگائی کا احساس ہے اورحکومت کیلئے عوام کو مسائل میں ریلیف دینا سب سے بڑا چیلنج ہے تاہم اگر حکومت عوام کو مہنگائی اور معاشی بدحالی سے نکالنے کیلئے عملی اقدامات میں کامیاب ہوگئی تو اقتدار کے ساتھ نظام کے مستحکم کرنے کا بھی سبب بنے گی۔

Related Posts