پاک فوج کا آسمان سے دشمن پر قہر! 22 افغان دہشتگرد ہلاک، عسکری کیمپ تباہ

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ رائٹرز)

پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے دہشتگردی کے خلاف فیصلہ کن جنگ کا آغاز کرتے ہوئے افغانستان کے اندر موثر فضائی کارروائیاں کی ہیں جن میں کالعدم گروہوں کے 22 دہشتگرد ہلاک اور ان کے اہم کیمپ خاکستر کر دیے گئے۔

وزارتِ اطلاعات کی جانب سے جاری کردہ تفصیلی بیان کے مطابق پاکستان نے ملک دشمن عناصر، ان کے عالمی نیٹ ورکس اور سہولت کاروں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے عزم کے تحت ایک نئے عسکری آپریشن آپریشن غضب للحق کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق اس تازہ کارروائی کے دوران افغان سرحد کے اندر موجود فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندستان کے ٹھکانوں کو عین نشانے پر رکھا گیا۔ دو مختلف مقامات پر کی جانے والی ان نپی تلی فضائی سٹرائیکس میں دہشت گردوں کے تربیتی کیمپوں اور ان کے زیرِ استعمال اسلحہ و گولہ بارود کے بڑے ذخائر کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس کامیاب سکیورٹی ایکشن میں 22 دہشت گرد جہنم واصل ہو چکے ہیں۔ پاکستانی ریاست نے بارہا عالمی برادری کو اس بات سے آگاہ کیا ہے کہ افغانستان کی سرزمین بدستور پاکستان کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیوں کے لیے استعمال ہو رہی ہے اور ملک کو درپیش بیشتر سکیورٹی چیلنجز وہیں سے جنم لے رہے ہیں۔

ترجمان وزارتِ اطلاعات نے واضح کیا ہے کہ اس فضائی آپریشن کے دوران انتہائی نفاست اور احتیاط کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف اور صرف عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے تاکہ عام شہریوں کو کسی بھی قسم کے جانی یا مالی نقصان سے بچایا جا سکے۔

حکومتِ پاکستان نے دوٹوک الفاظ میں عزم ظاہر کیا ہے کہ آپریشن غضب للحق اس وقت تک پوری طاقت، عزم اور آہنی ہاتھوں کے ساتھ جاری رہے گا جب تک پاکستان کی سلامتی کے دشمن اس ناسور کو مکمل طور پر ختم نہیں کر دیا جاتا۔

Related Posts