محنت کی مگر آخری لمحے میں بازی بدل گئی! پاکستان ایشین گیمز ہاکی فائنل سے باہر

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ اسکرین گریب)

ایشین گیمز 2026 کے مردوں کے ہاکی سیمی فائنل میں پاکستان اور بھارت کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ ہوا جس میں بھارت نے سخت جدوجہد کے بعد پاکستان کو 4-3 سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔

بھارت کی جانب سے ہرمن پریت سنگھ نے دو گول کیے جبکہ سکھجیت سنگھ اور ابھیشیک نے ایک، ایک گول اسکور کیا۔ اس کامیابی کے ساتھ بھارت نے پاکستان کے خلاف مسلسل 21ویں میچ میں ناقابلِ شکست رہنے کا سلسلہ بھی برقرار رکھا۔

مقابلے کے پہلے ہاف میں بھارتی ٹیم مکمل طور پر حاوی دکھائی دی اور وقفے تک 3-0 کی واضح برتری حاصل کرلی تاہم دوسرے ہاف میں پاکستان نے شاندار واپسی کرتے ہوئے میچ کا نقشہ ہی بدل دیا۔

پاکستان کی جانب سے ابو محمود، حنان شاہد اور وحید رانا نے گول کرکے اسکور 3-3 سے برابر کردیا جس کے بعد میچ انتہائی دلچسپ مرحلے میں داخل ہوگیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ فیصلہ کن لمحات تک پہنچا اور ایسا محسوس ہونے لگا کہ میچ کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ کے ذریعے ہوگا۔

بھارت کے ابھیشیک نے آخری مرحلے میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے ایک ایسا شاٹ لگایا جو ڈیفلیکٹ ہوکر گیند کو جال میں پہنچا گیا۔ اس گول کے ساتھ بھارت نے 4-3 کی برتری حاصل کرلی اور میچ اپنے نام کرتے ہوئے ایشین گیمز کے ہاکی فائنل میں جگہ پکی کرلی۔

پاکستان کو انتہائی قریب آکر ایک گول کے فرق سے شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ بھارت اب ایشین گیمز میں گولڈ میڈل کے لیے فائنل میں میدان میں اترے گا۔

Related Posts