بھارتی ریاست راجستھان کے سابق وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی ذہنی توازن کھوچکے ہیں، اس لیے اول فول باتیں کرتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں سابق وزیر اعلیٰ راجستھان اشوک گہلوت نے کہا کہ عوام خود مودی کے خلاف الیکشن لڑ رہے ہیں جس کا آغاز راجستھان سے ہوا جہاں پہلے ہی مرحلے میں عوام نے ان کو سبق سکھایا۔ بی جے پی کو 200 سے کم نشستیں ملیں گی۔
بیان میں سابق وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے کہا کہ بھارت پر برطانیہ کی حکومت تھی، پھر بھی ہندوستان کے عوام نے آمریت بھی پسند نہیں کی اور ہمیشہ اس کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے۔ آج میں بھارت کی مختلف ریاستوں میں ایسا ہی ماحول محسوس کررہا ہوں جو اس دور میں تھا۔
سابق وزیرا علیٰ اشوک گہلوت نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ حکومت کے خلاف یہ ماحول بھارتی ریاست راجستھان سے شروع ہوا۔ بی جے پی اور این ڈی اے کی حالت ہر مرحلے کے ساتھ خراب ہوتی جارہی ہے۔ ملک کو حیرانی نہیں ہوگی اگر بی جے پی انتخابات سے 200نشستیں بھی حاصل نہ کرسکے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل اشوک گہلوت یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ کانگریس بھاری اکثریت سے الیکشن جیتے گی اور کانگریس امیدوار اچھی کامیابی حاصل کرے گا۔ سمرتی ایرانی پچھلے پانچ سالوں میں اس حلقے میں نہیں آئیں اور اب الیکشن کے وقت ووٹ لینے کیلئے پہنچ گئی ہیں۔