بلوچستان کے ضلع بارکھان میں انسدادِ دہشتگردی محکمہ (سی ٹی ڈی) نے ایک بڑی کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے 10 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا۔
سی ٹی ڈی بلوچستان کی جانب سے جاری ہونے والے تفصیلی بیان کے مطابق یہ ایک خفیہ اطلاعات پر مبنی (انٹیلی جنس بیسڈ) آپریشن تھا جس کا مقصد علاقے میں دہشتگردی کے نیٹ ورک کو ختم کرنا تھا۔ سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے شرپسند عناصر کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے گئے۔
ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ مقابلے کے دوران مارے جانے والے دہشتگردوں کے قبضے سے گولہ بارود اور جدید اسلحے کا ایک بڑا ذخیرہ بھی برآمد کیا گیا ہے جسے قبضے میں لے لیا گیا ہے۔
اس کامیاب کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں سی ٹی ڈی کے دو جوان زخمی بھی ہوئے جنہیں فوری طور پر طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ صوبے سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک پولیس، سی ٹی ڈی اور دیگر سکیورٹی ادارے مشترکہ طور پر پوری عزم کے ساتھ اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








