لاہور کے علاقے شالیمار ایک بار پھر شرمناک واقعے سے لرز اٹھا جہاں ایک سفاک پڑوسی نے معصومیت کا گلا گھونٹتے ہوئے 14 سالہ نابالغ لڑکی کو اپنی ہوس کا نشانہ بنا ڈالا۔ تھانہ شالیمار پولیس نے بروقت اور مستعد کارروائی کرتے ہوئے درندگی کا مظاہرہ کرنے والے ملزم کو چند گھنٹوں کے اندر ہی ٹریس کر کے سلاخوں کے پیچھے پہنچا دیا۔
پولیس کو موصول ہونے والی ابتدائی درخواست کے مطابق، ملزم کاشف عرف کاشی نے انتہائی شاطرانہ انداز میں بچی کو اپنے جال میں پھنسایا۔ ملزم نے بچی کو جھوٹ بولا کہ تمہاری والدہ میرے گھر میں موجود ہیں اور تمہیں بلا رہی ہیں اور جیسے ہی14 سالہ بچی اس کے گھر میں داخل ہوئی، ملزم نے باہر سے دروازہ بند کر لیا اور اسے محصور کر لیا۔
گھر میں داخل ہوتے ہی ملزم کاشف عرف کاشی نے اپنی اصلیت ظاہر کر دی۔ اس نے معصوم بچی کے ساتھ زبردستی زیادتی کا ارتکاب کیا اور غیر فطری فعل کا نشانہ بنایا۔ ظلم کی انتہا تو یہ تھی کہ واقعے کے بعد ملزم نے بچی کو گھر چھوڑا اور دھمکایا کہ اگر اس نے کسی کو بھی اس واقعے کے بارے میں بتایا تو وہ اسے قتل کر دے گا۔
گھر واپس پہنچنے پر جب اہلخانہ نے بچی کی حالت دیکھی اور استفسار کیا تو بچی نے روتے ہوئے اپنے ساتھ ہونے والے تمام ظلم کا احوال سنا دیا۔ اہلِ خانہ کی جانب سے فوری شکایت کے بعد تھانہ شالیمار پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم کو مزید قانونی کارروائی اور تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے تاکہ اسے قانون کے کٹہرے میں لا کر قرار واقعی سزا دلائی جا سکے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








