راولپنڈی میں لاک ڈاؤن ناکام، بازار کھل گئے،اشیاء مہنگے داموں فروخت

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

راولپنڈی :شہریوں نے لاک ڈاؤن کے حوالے سے پابندیاں ہوا میں اڑادیں، راولپنڈی کے بازار کھل گئے، منافع خوروں نے تمام اشیاء کے دام بڑھادیئے۔

راولپنڈی ضلعی انتظامیہ اور پولیس ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے میں مکمل طور پر ناکام ہوگئی، راولپنڈی کے راجہ بازار، موتی بازار ، بابڑا بازار،نمک منڈی ، امپیریل مارکیٹ اوربازار تلواراں بازار کھل گئے،شہریوں کی آزادانہ آمدورفت سلسلہ جاری ہے ۔

پابندی کے باوجود شہری شاپنگ کرنے میں مصروف ہیں لیکن اب شاپنگ کا انداز بدل گیا ہے پہلے جو چیز ایک ہزار روپے کی ملتی تھی اب وہ چیز دو ہزار روپے کی ملتی ہے ، منافع خوروں نے حالات کو جواز بناکر چیزوں کے دام بڑھادیئے ہیں ۔

لاک ڈاؤن کے دوران پولیس اہلکاروں اور ضلعی انتظامیہ کے اہلکاروں کی موجیں لگ گئی ہیں، پولیس اور انتظامیہ کے اہلکار عیدی وصول کر رہے ہیں اوردکانداروں سے عیدی وصول کرنے کے عوض دکانیں کھولنے کی اجازت دی جا رہی ہے۔

مزید پڑھیں:اسلام آباد میں 2 افراد کے اندھے قتل کا معمہ حل، مقتولین کا مالک قاتل نکلا

سڑکوں پر ٹریفک عام دنوں کی طرح معمول کے مطابق جاری ہے، کورونا ایس او پیز کی دھجیاں بکھیری جا رہی ہیں،سماجی فاصلہ نام کی کوئی چیز نہیں نہ ہی ماسک استعمال ہو رہا ہے ۔

دکاندار لاک ڈاؤن کے نام پر شہریوں سے من مانے دام وصول کر رہے ہیں ،یہ تمام کام پولیس اور انتظامیہ کے اہلکاروں کی چھتر چھایا میں ہو رہےہیں، شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر حکومت چاند رات تک خریداری کا وقت دے دیتی تو شاید یہ چیز دیکھنے کو نہیں ملتی لیکن اب ضرورت مندوں نے عید کے کپڑے خریدنے ہیں چاہے جتنے بھی مہنگے ہوں۔

عوام کا کہنا ہے کہ حکومت کو اپنے فیصلے پر غور کرنا چاہئے تاکہ جو لوگ رہ گئے ہیں وہ اپنی شاپنگ مکمل کر لیں بہت سارا غریب طبقہ صرف اور صرف عید پر کپڑے اور جوتے خریدتا ہے لاک ڈاؤن صرف نام کا ہی ہے عمل درآمد زیرو ہے۔