کراچی: سابق صدر پی ٹی آئی کراچی خرم شیر زمان کا نام پاسپورٹ کنٹرول اور نو فلائی لسٹ سے خارج کردیا گیا ہے، یہ انکشاف سندھ ہائیکورٹ میں مقدمے کی سماعت کے دوران سامنے آیا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ نے پاکستان تحریکِ انصاف کراچی ڈویژن کے سابق صدر خرم شیر زمان کی بیرونِ ملک سفر پر پابندی ختم ہونے پر درخواست سماعت کے بعد نمٹا دی۔ بیرونِ ملک سفر کی اجازت سے متعلق درخواست پر سماعت آج ہوئی تھی۔
نجی ٹی وی ڈان نیوز کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ سرکاری وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ خرم شیر زمان کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ اور نو فلائی لسٹ سے خارج کردیا گیا ہے۔ وکیل نے کہا کہ خرم شیر زمان کے پاسپورٹ کی تجدید نہیں کی جارہی۔
رپورٹ کے مطابق درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ پاسپورٹ کی تجدید کے حوالے سے کہا جارہا ہے کہ درخواست گزار خرم شیر زمان کا نام نو فلائی لسٹ میں ہے، اس لیے پاسپورٹ کی تجدید نہیں ہوگی۔ خرم شیر زمان عمرے کی ادائیگی کیلئے جانا چاہتے ہیں۔
درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ خرم شیر زمان کو عمرے کی ادائیگی کیلئے بیرونِ ملک جانا ہے، اس لیے پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان کو پاسپورٹ کی تجدید کی ضرورت ہے۔ خیال رہے کہ خرم شیر زمان نے بیرونِ ملک سفر کی اجازت سے متعلق درخواست 2 ہفتے قبل دائر کی تھی۔