وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا ہے ،پیٹرول کی نئی قیمت میں 4 روپے 80 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کر کے 258 روپے 43 پیسے مقرر کر دیا گیا ہے۔
وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی 7 روپے 95 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 262 روپے 59 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
یہ اضافہ حکومتی فارمولے کے تحت دو ہفتوں کے لیے کیا گیا ہے اور فوری طور پر نافذ العمل ہو چکا ہے جو آئندہ قیمتوں کے جائزے تک برقرار رہے گا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل یکم جون 2025 کو بھی پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد قیمت 253اعشاریہ 63 روپے فی لیٹر ہو گئی تھی۔
اس موقع پر ڈیزل کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی اور وہ 254اعشاریہ 64 روپے فی لیٹر برقرار رہی تھی۔
16 مئی 2025 کو وفاقی حکومت نے اعلان کیا تھا کہ پیٹرول کی قیمت برقرار رہے گی جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے فی لیٹر کی کمی کی گئی تھی جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 254اعشاریہ 64 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی تھی۔
اس سے قبل 30 اپریل کو حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل دونوں کی قیمتوں میں 2 روپے فی لیٹر کمی کی تھی، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 252اعشاریہ 63 روپے اور ڈیزل کی قیمت 256اعشاریہ 64 روپے فی لیٹر ہو گئی تھی۔
15 اپریل کو وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کا براہِ راست فائدہ صارفین کو دینے کے بجائے اسے ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے عوام تک پہنچانے کا اعلان کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو ریلیف ترقیاتی کاموں کے ذریعے فراہم کیا جائے گا۔