بالی ووڈ کے معروف فلمساز کرن جوہر نے شاہ رخ خان، دپیکا پدوکون اور جان ابراہم کی فلم پٹھان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اچھی فلم سے زیادہ اہمیت کسی چیز کی نہیں ہوتی۔
تفصیلات کے مطابق کرن جوہر نے اپنی ایک انسٹاگرام اسٹوری میں شیئر کیے گئے تحریری بیان میں کہا کہ اچھی فلم سے زیادہ کسی چیز کی اہمیت نہیں۔ میگا بلاک بسٹر فلم کی کامیابی سے ثابت ہوگیا کہ ٹرولنگ کا خوف ہو یا زیادہ سے زیادہ پرموشن، یہ سب صرف وسوسے ہیں۔
الکا یاگنک یو ٹیوب پر سب سے زیادہ پسندیدہ گلوکارہ بن گئیں
تحریری بیان میں کرن جوہر نے کہا کہ بائیکاٹ کی دھمکیاں ہوں یا کوئی اور مسئلہ، یہ سب خرافات ہیں جن کا ہم بطور فلمی صنعت پراپیگنڈہ یا اس پر یقین کرتے ہیں تاہم پٹھان جیسی فلم کی کامیابی نے ہمارے ایسے تمام خوف اور وسوسوں کو دور کردیا ہے۔
پٹھان کی کامیابی اور خوف
بھارتی فلم انڈسٹری میں کنگ خان کہلانے والے شاہ رخ خان کی فلم پٹھان کی آمد سے قبل بھرپور پراپیگنڈہ کیا گیا۔ خاص طور پر فلم کے گیت بے شرم رنگ میں اداکارہ دپیکا اور شاہ رخ خان کے لباس پر کڑی تنقید ہوئی۔
شدت پسند ہندوتوا کے پیروکاروں نے کہا کہ شاہ رخ خان نے بھارتی پرچم کے سبز رنگ کا لباس پہنا جبکہ دپیکا نے جان بوجھ کر جھنڈے ہی کے ایک رنگ کا لباس پہنا جسے بھگوا کا نام دیا گیا، تاہم بھارتی عوام نے تمام دعوے مسترد کردئیے۔