ویسٹ انڈیز ویمن کرکٹ ٹیم نے 11 جون 2025 کو بارباڈوس کے تھری ڈبلیوز اوول کیو ہل گراؤنڈ میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میچ میں جنوبی افریقہ ویمن کو دلچسپ مقابلے کے بعد ڈک ورتھ لوئس طریقہ کار کے تحت 4 وکٹوں سے شکست دیکرتین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی۔
جنوبی افریقہ ویمنز ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 232 رنز بنائے۔
تزمین بریٹس نے 65 گیندوں پر 57 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ ندین ڈی کلارک نے 38 گیندوں پر جارحانہ 42 رنز بنائے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے کرشمہ رام ہارک اور عالیہ الین نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں بارش کے باعث ویسٹ انڈیز ویمن کو 34 اوورز میں 180 رنز کا ہدف ملا جسے ٹیم نے 32 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
قیانہ جوزف نے 58 گیندوں پر 60 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں مرکزی کردار ادا کیا اور پلیئر آف دی میچ قرار پائیں۔
ان کا ساتھ کپتان ہیلی میتھیوز نے 40 رنز کے ساتھ دیا جبکہ اختتامی لمحات میں اسٹیفنی ٹیلر کی ناقابل شکست 30 رنز کی اننگز نے ٹیم کو فتح دلوائی۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے ایندا ہلوبی نے 50 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔