کراچی میں چہلم کا مرکزی جلوس، ٹریفک پلان جاری، اہم شاہراہوں پر راستے تبدیل

تازہ ترین

تازہ ترین

کراچی ٹریفک پولیس نے چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر 20 صفر 1448 ہجری (4 اگست 2026) کو شہر میں نکلنے والے مرکزی جلوس کے لیے جامع ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق انتظامات کا مقصد عزاداروں کو سہولت فراہم کرنا اور شہر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنا ہے۔ مرکزی جلوس صبح 9 بجے نشتر پارک سے روانہ ہوگا اور اپنے روایتی راستے سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانی امام بارگاہ کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا۔

ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک اہلکاروں سے تعاون کریں اور رش اور مشکلات سے بچنے کے لیے متبادل راستے اختیار کریں۔

متبادل راستے اور ٹریفک ڈائیورشنز:

بھاری ٹریفک کے لیے:

  • نمائش سے ایم اے جناح روڈ آنے والی ٹریفک کو بہادر یار جنگ روڈ کی جانب موڑ دیا جائے گا۔
  • لیاقت آباد سے ناظم آباد کے راستے گرو مندر آنے والی ٹریفک کو لسبیلہ چوک کی طرف بھیجا جائے گا۔
  • حسن اسکوائر سے یونیورسٹی روڈ کے ذریعے پیپلز چورنگی جانے والی ہیوی ٹریفک کو پیر صبغت اللہ شاہ راشدی روڈ (سابق یونیورسٹی روڈ لنک) کے ذریعے نیپا چورنگی کی طرف منتقل کیا جائے گا۔

ہلکی ٹریفک کے لیے:

  • شاہراہ فیصل سے شاہراہ قائدین (نرسری) جانے والے شہری سوسائٹی لائٹ سگنل سے خالد بن ولید روڈ استعمال کر سکتے ہیں۔
  • جیل چورنگی اور گرو مندر سے ایم اے جناح روڈ جانے والی ٹریفک کو سولجر بازار روڈ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

موٹر سائیکل سواروں کے لیے:

  • گارڈن سے ایم اے جناح روڈ جانے والے موٹر سائیکل سوار آغا خان سوم روڈ سے نشتر روڈ کے راستے اپنی منزل تک جا سکیں گے۔

جلوس کے روٹ پر پابندیاں:
ٹریفک پولیس کے مطابق جلوس کے روٹ پر صرف جلوس میں شریک افراد کو داخلے کی اجازت ہوگی۔ خصوصی اسٹیکر رکھنے والی گاڑیوں کو ہی مقررہ پارکنگ ایریاز میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔

جلوس میں شریک علما کی گاڑیوں کے لیے بھی ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری کردہ ونڈ اسکرین اسٹیکر لازمی قرار دیا گیا ہے۔ بغیر مجاز اسٹیکر والی گاڑیوں کو داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔

مقررہ پارکنگ مقامات:
جلوس کے شرکا اپنی گاڑیاں درج ذیل مقامات پر پارک کر سکیں گے:

  • نشتر روڈ، گارڈن روڈ، لسبیلہ اور ایم اے جناح روڈ کے اطراف مقررہ پارکنگ ایریاز
  • لیاقت آباد، تین ہٹی، جہانگیر روڈ اور گرو مندر پارکنگ مقامات
  • یونیورسٹی روڈ لنک پارکنگ ایریا
  • پاکستان چوک، کھارادر، کے ایم سی بلڈنگ کے اطراف اور دیگر مقررہ پارکنگ مقامات

ٹریفک پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سفر سے قبل متبادل راستوں کا انتخاب کریں تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رہے اور کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔

Related Posts