ممبئی: متنازعہ بیانات کے باعث مشہور بھارتی اداکارہ کنگنا رناوٹ نے تیسرا بچہ پیدا کرنے والے والدین کو سخت سزا دینے کی تجویز پیش کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اداکارہ کنگنا رناوٹ بھارت کی بڑھتی ہوئی آبادی سے تنگ آگئیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کنگنا نے ایک ایسی تجویز پیش کی جسے جان کر ان کے مداح سر پکڑ کر بیٹھ گئے۔
بھارتی اداکارہ کنگنا نے کہا کہ ہمیں بڑھتی ہوئی آبادی پر قابو پانے کیلئے سخت قوانین کی ضرورت ہے۔ ووٹ کیلئے سیاست کا دور ختم ہوچکا۔ یہ سچ ہے کہ اندرا گاندھی الیکشن ہاریں کیونکہ انہوں نے اس معاملے پر اقدامات اٹھائے تھے۔
اداکارہ کنگنا نے کہا کہ اندرا گاندھی نے سخت اقدامات اٹھائے لیکن آج جو آبادی کی صورتحال ہے، اسے دیکھ کر یہ ضروری لگتا ہے کہ بھارت میں تیسرا بچہ پیدا کرنے والے والدین کو جرمانہ یا قید کی سزا دی جانی چاہئے۔
We need strict laws for population control, enough of vote politics it’s true Indira Gandhi lost election and later was killed for taking this issue head on she forcefully sterilised people but looking at crisis today at least there should be fine or imprisonment for third child.
— Kangana Ranaut (Modi Ka Parivar) (@KanganaTeam) April 20, 2021
یاد رہے کہ اِس سے قبل بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوٹ نے دوستانہ 2 سے کارتک آریان کو نکالے جانے پر احتجاج کرتے ہوئے فلم ساز کرن جوہر پر اقرباء پروری کا الزام عائد کردیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر6 روز قبل اپنے پیغام میں اداکارہ کنگنا نے کرن جوہر کی کلاس لیتے ہوئے کہا کہ سشانت سنگھ راجپوت کی طرح کارتک آریان کو بھی دیوار سے لگانے کی کوشش کی جارہی ہے جبکہ کارتک آریان نے صرف اپنے دم پر فلم انڈسٹری میں ترقی کی۔
مزید پڑھیں: کارتک کو کیوں نکالا؟ کنگنا نے کرن جوہر پر اقرباء پروری کا الزام لگا دیا