آئی ایس پی آر نے سابق آرمی چیف اسلم بیگ سے منسوب آڈیو کلپ جعلی قرار دیدیا

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

اسلام آباد: انٹر سروسز پبلک ریلیشنز نے کہاہے کہ سابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل (ریٹائرڈ) مرزا اسلم بیگ سے منسوب آڈیو کلپ جعلی ہے۔

ایک بیان میں فوج کے میڈیا ونگ نے کہا کہ یہ ریاستی اداروں کو نشانہ بنانے کے لیے غلط معلومات اور پروپیگنڈہ مہم کا حصہ ہے۔ یہ آڈیو کلپ ریٹائرڈ فوجی اہلکاروں سے منسوب تھا جس میں جنرل اسلم بیگ کا حوالہ دیا گیا تھا۔

جنرل ( ر ) اسلم بیگ کاکہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی آڈیو جعلی اور پاک فوج کے خلاف دشمن کی سازش ہے، فوج میری پہچان ہے، میری شان ہے، فوج کا ایک ایک سپاہی ،ایک ایک افسر میرے لیے قابلِ احترام ہے۔

ہماری فوج کے خلاف جو تحریک چل رہی ہے وہ ہمارے دشمنوں کی سازش ہے، فوج کے خلاف دشمنوں کی اس سازش کا حصہ نہ بنو، میں ان مذموم اور بے ہودہ بیانات کی مذمت اور تردید کرتا ہوں۔

جنرل ( ر ) اسلم بیگ کا مزید کہنا تھا کہ فوج اور اس کی شان کے خلاف بات کرنا میرے لیے بداخلاقی تصور ہوتی ہے، اس فوج نے مجھے یہ پہچان دی ہے۔