پاکستان کے سابق سربراہِ پاک فوج جنرل (ر) عبد الوحید کاکڑ انتقال کرگئے۔ ان کے انتقال پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پاک فوج کے افسران نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق عسکری قیادت اور فوج کے تمام رینکس نے جنرل (ر) عبد الوحید کاکڑ کی وفات پر سوگوار خاندان سے دلی تعزیت کی اور مرحوم کے لیے دعائے مغفرت کی۔

آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں جنرل (ر) عبد الوحید کاکڑ کی نمایاں عسکری خدمات، قائدانہ صلاحیتوں اور پاک فوج کے لیے ان کی گراں قدر خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ بیان میں مرحوم کی قومی اور عسکری خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے اہلِ خانہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار بھی کیا گیا۔


پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے مطابق سوگوار خاندان سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کے لیے صبر و استقامت دے۔


جنرل (ر) عبد الوحید کاکڑ نے جنوری 1993 سے جنوری 1996 تک پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ ان کا انتقال 89 برس کی عمر میں راولپنڈی میں ہوا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








