جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد اور گردونواح میں موسلا دھار بارش نے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی، نشیبی علاقے ڈوب گئے جسے دیکھتے ہوئے رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق جڑواں شہروں میں رین ایمرجنسی واسا نے نافذ کی۔ موسلا دھار بارش کے باعث واسا راولپنڈی کی ورک فورس ہائی الرٹ پر رکھی گئی ہے جبکہ ایم ڈی واسا کے مطابق رواں مون سون سیزن میں یہ سب سے ہیوی اسپیل ہے۔
نئے مون سون اپیل کے دوران 140 ملی میٹر سے زائد بارش ہوئی جبکہ چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ کے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مختلف علاقوں کی سڑکوں اور گلیوں میں بارش کا پانی جگہ جگہ کھڑا ہوگیا۔ مری روڈ، جامع مسجد روڈ اور صادق آباد کے علاقے بھی پانی سے متاثر ہوئے۔
واسا کا عملہ ہیوی مشینری کی مدد سے نکاسئ آب کے آپریشن میں جت گیا۔ حکام نے ندیم کالونی، جاوید کالونی اور مسلم کالونی کے عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی۔ ایم ڈی واسا کا کہنا ہے کہ کمیٹی چوک، لیاقت باغ، چوک انڈر پاس، صادق آباد، مری روڈ اور ڈھوک کھبہ میں بھی نکاسئ آب کا عمل جاری ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ کٹاریاں کے مقام پر آبی سطح 20 فٹ تک بلند ہوگئی، گوالمنڈی پل پر 17 فٹ جبکہ مختلف مقامات پر بارش کا سلسلہ جاری ہونے کے باعث پانی کی سطح بلند ہورہی ہے۔ سید پور میں 9، گولڑہ میں 145 جبکہ بوکرہ میں 134 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی اور مزید بارش تاحال جاری ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








