چیف میٹیورولوجسٹ سردار سرفراز نے موسم کی شدت کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں گرمی معمول سے زیادہ ہے جبکہ رواں ماہ کے اختتام تک موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔
نجی ٹی وی (جیونیوز) سے گفتگو کے دوران چیف میٹیورولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا کہ کراچی میں مئی کے اختتام تک گرمی رہے گی جبکہ جون کے بعد ملک بھر میں پری مون سون بارشیں شروع ہوسکتی ہیں۔
گفتگو کے دوران چیف میٹیورولوجسٹ نے کہا کہ ہوا کا زائد دباؤ ملک کے بیشتر مقامات پر گرمی میں اضافے کا باعث بن رہا ہے جبکہ جون کے پہلے ہفتے تک ملک کے اکثر شہروں میں موسم گرم رہے گا۔
سردار سرفراز نے کہا کہ کراچی میں بھی مئی کے اختتام تک گرمی اور مرطوب موسم رہے گا تاہم مئی میں ہر سال کا اوسط درجہ حرارت جو 35اعشاریہ 8 ڈگری سینٹی گریڈ ہوتا ہے، رواں برس 38 ڈگری تک ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت کراچی میں ہیٹ ویو تو نہیں تاہم معمول کے اوسط درجۂ حرارت سے گرمی 2 سے 3 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ہے۔ 15 جون کے بعد ملک بھر میں پری مون سون بارشوں کا آغاز ہوسکتا ہے۔