مس یونیورس 2026 کے عالمی مقابلے میں پاکستان کی نمائندہ مصباح ارشد نے قومی جانور مارخور سے متاثرہ خصوصی لباس پہن کرکے بین الاقوامی سطح پر ملک کی ثقافتی شناخت اور قدرتی ورثے کو اجاگر کردیا۔
سان خوان میں ہفتہ 21 نومبر کو منعقدہ نیشنل کاسٹیوم شو میں مصباح ارشد نے مارخور کو اپنے لباس کا مرکزی تصور بنایا۔اس موقع پر مختلف ممالک کی نمائنداؤں نے اپنے قومی تشخص، روایات اور ثقافت کی عکاسی کرنے والے ملبوسات پیش کیے۔

پاکستانی نمائندہ کے لباس میں مارخور کی منفرد شناخت اور اس کے بل کھاتے سینگوں کو نمایاں کیا گیا۔ اس انتخاب کے ذریعے پاکستان کے پہاڑی علاقوں میں پائے جانے والے قومی جانور کی اہمیت اور اس سے وابستہ بہادری، استقامت اور بقا کے پیغام کو عالمی ناظرین تک پہنچانے کی کوشش کی گئی۔

مارخور ماضی میں غیر قانونی شکار اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث خطرات سے دوچار رہا تاہم جنگلی حیات کے تحفظ کے منصوبوں اور مقامی آبادیوں کے تعاون سے اس کی نسل کے تحفظ میں پیش رفت ہوئی ہے۔

سوشل میڈیا پر مصباح ارشد کے لباس کی تعریف
نیشنل کاسٹیوم شو میں پیش کیے گئے لباس کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی پذیرائی ملی۔ متعدد صارفین نے اس کے منفرد ڈیزائن اور خوبصورتی کو سراہا جبکہ کئی افراد نے پاکستان کے قومی جانور کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کے اقدام کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
مصباح ارشد کون ہیں؟

لاہور میں پیدا ہونے والی مصباح ارشد پاکستانی ماڈل اور مقابلہ حسن کی امیدوار ہیں۔ وہ اس وقت جرمنی کے شہر میونخ میں مقیم ہیں اور یونیورسٹی آف ہیگن سے نفسیات کی تعلیم حاصل کر چکی ہیں۔
انہوں نے 2023 میں مس پاکستان ورلڈ کا اعزاز حاصل کیا جس کے بعد ترکی میں مس اورا انٹرنیشنل اور جاپان میں مس انٹرنیشنل کے مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ 2024 میں انہوں نے پولینڈ میں مس سپرانیشنل مقابلے میں بھی حصہ لیا۔
مس یونیورس 2026 کا فائنل 24 نومبر کو

مس یونیورس کے 75ویں مقابلے میں 100 سے زائد ممالک اور علاقوں کی نمائندائیں شریک ہیں۔ مقابلے کا گرینڈ فائنل 24 نومبر کو پورٹو ریکو کے شہر سان خوان میں جوزے میگوئل اگریلوٹ کولیزیم میں منعقد ہونا طے ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








