قلعہ عبداللہ کے علاقے سیگی میں ایک گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں کراچی سے تعلق رکھنے والے کاروباری خاندان کی 2 خواتین جاں بحق ہوگئیں، جبکہ باپ اور بیٹی زخمی ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق قلعہ عبداللہ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ سیگی کے علاقے میں پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد نے گاڑی کو نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے بعد دونوں خواتین دم توڑ گئیں جبکہ زخمی باپ اور بیٹی کو تشویشناک حالت میں ٹراما سینٹر کوئٹہ منتقل کیا گیا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ جاں بحق خواتین کی لاشیں عبدالرحمان زئی اسپتال منتقل کردی گئیں۔ جاں بحق اور زخمی افراد کا تعلق کراچی سے ہے، جو کاروباری معاملات کے سلسلے میں 2 روز قبل تحصیل گلستان پہنچے تھے۔
حکام کے مطابق مسلح افراد کی وارننگ کے باوجود گاڑی نہ روکنے پر ایک قبائلی گروہ نے فائرنگ کی۔ حکام کا کہنا ہے کہ سیگی میں قبائلی دشمنیوں کے باعث عام لوگوں کی آمدورفت انتہائی محدود ہے اور اسے نوگو ایریا تصور کیا جاتا ہے اور یہاں پولیس کی رسائی بھی ممکن نہیں۔ تاحال واقعے کا مقدمہ درج نہیں کیاجاسکا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








