پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری آج ایسٹر کا تہوار مذہبی جوش و جذبے سے منا رہی ہے، اس سلسلے میں گرجا گھروں میں خصوصی عبادات کا اہتمام کیا گیا۔
ایسٹر کا سب سے بڑا اجتماع ویٹیکن سٹی میں منعقد ہوا جہاں ہزاروں افراد نے خصوصی عبادت کی اور دعائیہ تقریبات کا اہتمام کیا گیا، اس موقع پر پوپ فرانسس خصوصی دعا کروائی۔
مسیحی برادری کی جانب سے طلوع آفتاب سے قبل کینڈل لائٹ جلوس نکالے گئے، گرجاگھروں میں ایسٹرکی عبادات کا سلسلہ جاری ہے جن میں ملک و قوم کے استحکام اور امن و بھائی چارے کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا۔
ایسٹر کو عیسائیوں کے دوسرے سب سے بڑے تہوار کی حیثیت حاصل ہے جوکہ ان کے مطابق حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے پھر سے جی اٹھنے کی یاد میں منایا جاتا ہے۔
کراچی، اسلام آباد، لاہور و پشاور سمیت ملک بھر میں عیسائی برادری نے گرجا گھروں میں خصوصی عبادت کا اہتمام کیا، اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں۔
ایسٹر کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے عیسائی برادری کو ایسٹر کے پر مسرت موقع پر مبارکباد دی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے ایسٹر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا وہ مسیحی برادری کو دلی مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتے ہیں۔
انہوں نےکہا کہ آئین پاکستان اقلیتوں کے حقوق کی ضمانت ہے، مسیحی برادری نے ہمیشہ ملکی ترقی میں نمایاں کرداراداکیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ایسٹر تجدید اور اُمید کی علامت ہے، حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا پیغام رحمت، انکساری اور محبت کا سرچشمہ ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی تعمیر و ترقی میں مسیحی برادری کے نمایاں کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا۔