لاہور: مختلف سفارت خانوں سے بیرون ملک جانے کے خواہش مند شہریوں کا ڈیٹا چوری کرلیا گیا۔ این سی سی آئی اے نے سفارتخانوں کا ڈیٹا ہیک کرکے ویزا کیلئے درخواست دینے والوں سے فراڈ کرنے والے گروہ کے 12 ملزمان گرفتار کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر این سی سی آئی اے علی وسیم نے بتایا کہ گرفتار ملزمان سعودی عرب، جرمنی اور اٹلی کے سفارت خانوں کے ڈیٹا تک رسائی حاصل کر رہے تھے۔
این سی سی آئی اے کے مطابق ملزمان نے مبینہ طور پر سفارت خانوں کے رابطہ نمبرز ہیک کرکے اپنے نمبرز پر ڈائیورٹ کیے، جس کے ذریعے وہ ویزا اور اپوائنٹمنٹ کے خواہشمند افراد کو لوٹ رہے تھے۔
ڈائریکٹر این سی سی آئی اے علی وسیم کا کہنا ہے کہ این سی سی آئی اے نے کارروائی کے دوران جعلی اپوائنٹمنٹ لیٹرز، موبائل فونز اور دیگر اہم ڈیجیٹل شواہد بھی ضبط کرلیے۔ملزمان کے خلاف یہ کارروائی مختلف سفارت خانوں سے موصول ہونے والی شکایات کے بعد شروع ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ گرفتار کیا گیا گروہ 2019 سے لوٹ مار میں مصروف تھا اور ویزا ایکسٹینشن، اپوائنمنٹ لینے اور سفارتی خدمات کے خواہشمندوں سے فراڈ کرتا تھا۔ ملزمان نے جعلی ویب سائٹس اور سفارت خانے جیسا ماحول تیار کررکھا تھا تاکہ شہری اصل اور جعلی نظام میں فرق نہ کرسکیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








