کورونا سے بچاؤ کیلئے تیار کردہ حفاظتی سامان جنگلی حیات کیلئے قاتل قرار

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کورونا سے بچاؤ کیلئے تیار کردہ حفاظتی سامان جنگلی حیات کیلئے قاتل قرار
کورونا سے بچاؤ کیلئے تیار کردہ حفاظتی سامان جنگلی حیات کیلئے قاتل قرار

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں کروڑوں افراد متاثر اور لاکھوں جاں بحق ہوچکے ہیں جس نے سب سے زیادہ تباہی امریکا، بھارت اور برازیل میں پھیلائی۔ وائرس سے بچاؤ کیلئے تیار کردہ حفاظتی سامان استعمال کے بعد پھینک دیا جاتا ہے جو جنگلی حیات کیلئے قاتل قرار دیا جارہا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس سے حفاظت کیلئے تیار کردہ حفاظتی لباس (پی پی ای) اور ماسک سمیت دیگر سازوسامان  بے زبان اور معصوم جانوروں کی جانیں لے رہا ہے۔ ڈسپوزیبل ماسک ساحلِ سمندر، میدان اور صحراؤں میں استعمال کے بعد پھینک دئیے جاتے ہیں۔

ربڑ کے بنے ہوئے ڈسپوزیبل ماسک، دستانے اور پولی پروپائلین سے بنے لباس سمیت دیگر سازوسامان جانوروں کے رہائشی مقامات میں داخل ہو کر انہیں ہلاک کر رہا ہے جس پر ہالینڈ کی لائیڈن یونیورسٹی نے تحقیق کی۔ یونیورسٹی سے وابستہ بیالوجسٹ کے مطابق جانور حفاظتی سامان میں پھنس کر رہ جاتے ہیں۔

ماہرِ حیاتیات کا کہنا ہے کہ ماسک اور دیگر حفاظتی سامان کے ٹکڑے جانوروں کی سانس کی نالی میں پھنس جاتے ہیں یا پھر ان کے پیٹ میں پہنچ کر انہیں بیمار کردیتے ہیں جس کے نتیجے میں وہ ہلاک ہوجاتے ہیں۔ دنیا بھر میں 30 لاکھ ماسک فی منٹ زمین پر پھینک دئیے جاتے ہیں۔

کروڑوں کی تعداد میں ماسک، دستانے اور حفاظتی لباس سمیت دیگر سازوسامان معصوم جانوروں کی زندگیوں کو تباہ کر رہا ہے۔ جب پرندے اس سامان کی مدد سے گھونسلہ بنانے کی کوشش کرتے ہیں تو اس میں پھنس کر ہلاک ہوجاتے ہیں۔ سمندری بگلے، امریکی چڑیاں اور بڑے پرندے بھی اس سے متاثر اور ہلاک ہوچکے ہیں۔

پرندوں کے علاوہ جانور بھی اس کوڑے کرکٹ سے ہلاک ہور ہے ہیں  جن میں کیکڑے، مچھلیاں، پینگوئن، کتے، بلیاں، خرگوش اور دیگر جاندار شامل ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ کپڑے کے بنے ہوئے ماسک اور دیگر حفاظتی سامان کے استعمال پر توجہ دینا ہوگی۔

ماہرین کے مطابق ماسک ایک بار استعمال کیے جانے کے بعد پھینکنے سے قبل ڈوریاں کاٹنا ضروری ہے جبکہ پلاسٹک سے بنے ہوئے سازوسامان کو تلف کرنے کے حوالے سے عالمِ انسانیت کو ایک نیا لائحۂ عمل ترتیب دینا ہوگا تاکہ جنگلی حیات کا تحفظ ممکن بنایا جاسکے۔

یہ بھی پڑھیں: ناسا کے ہیلی کاپٹر نے مارس پر کامیاب پرواز مکمل کر لی

Related Posts