اسلام آباد: ملک بھر میں سکیورٹی فورسز نے متعدد آپریشنز کیے، گزشتہ 3 ماہ میں 142 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں دہشت گردی میں اضافے کے پیشِ نظر سکیورٹی فورسز نے ملک بھر میں کارروائیاں کیں۔ گزشتہ 90 روز کے دوران 142 دہشت گرد ہلاک جبکہ 1 ہزار 7گرفتار ہوئے۔
سندھ اسمبلی کی سیکورٹی سخت کرنے کی ہدایت
سکیورٹی فورسز نے مختلف کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے ساتھ ساتھ سہولت کاروں کو بھی گرفتار کیا۔ دہشت گردی کی کئی کارروائیاں ناکام بنائی گئیں۔ گزشتہ 90 روز میں ملک بھر میں 6 ہزار 921آپریشنز ہوئے۔
خیبر پختونخوا میں 1 ہزار 960، 301 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، 143 ایریا سینیٹائزیشن آپریشنز کے دوران 98 دہشت گرد ہلاک جبکہ 540 گرفتار ہوئے۔ بلوچستان میں 3 ہزار 414 آپریشنز ہوئے۔
بلوچستان میں 2 ہزار 980 ایریا ڈمینیشن آپریشن، 67 انٹیلی جنس بیسڈ، 367 ایریا سینیٹائزیشن آپریشنز کے دوران 40 دہشت گرد ہلاک جبکہ 112 گرفتار ہوئے۔ سندھ میں 752 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز ہوئے۔
سندھ میں آپریشنز کے دوران 3 دہشت گرد ہلاک جبکہ 344 گرفتار ہوئے۔ پنجاب میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر 165 آپریشنزہوئے جن کے دوران 1 دہشت گرد ہلاک جبکہ 11 گرفتار ہوئے جبکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف پاکستانی سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ملک بھر میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کو ختم کرنے کیلئے دہشت گردوں کو گرفتار کرکے تفتیش بھی کی جارہی ہے۔