بدعنوانی ایک ناسورہےجوملکی ترقی میں بڑی رکاوٹ ہے،چیئرمین نیب

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

اسلام آباد: چیئرمین نیب جسٹس (ر ) جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ نیب کا کسی گروہ، فرد یا پارٹی سے کوئی تعلق نہیں،نیب احتساب سب کےلیےکی پالیسی پرعمل پیرا ہے،  بدعنوانی ایک ناسور ہے جو ملکی ترقی میں بڑی رکاوٹ ہے۔

 چیئرمین نیب جسٹس (ر ) جاوید اقبال کی زیرصدارت قومی احتساب بیورو ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں پراسیکیوٹر جنرل، آپریشنز اور پراسیکیوشن حکام کی بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں 4 انکوائریوں کی منظوری دی گئی۔

واپڈا واٹر ونگ اسلام آباد کے افسران، ایکسائیڈ بیٹری کے مالکان، نشان انجینیئرنگ اور محکمہ آبپاشی راجن پور کے افسران کے خلاف انکوائری کی منظوری دی گئی۔

عبدالولی خان یونیورسٹی مردان اور ورکرز ویلفیئربورڈ خیبرپختونخوا کے خلاف تفتیش کا معاملہ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کو بھجوا دیا گیا۔ چیئرمین نیب نے انکم ٹیکس سے متعلق انکوائریاں ایف بی آر کو بھیجنے کا حکم دیا۔

اجلاس کے دوران چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب ’احتساب سب کے لیے‘ کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے، نیب ملک سے بدعنوانی کے خاتمے اور بدعنوان عناصر سے لوٹی گئی رقوم برآمد کرنے کے لیے کوشاں ہے،  میگا کرپشن کے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا نیب کی نہ صرف اولین ترجیح ہے بلکہ اس کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔  نیب کا ایمان ’’کرپشن فری پاکستان ‘‘ ہے۔ نیب وہ قومی ادارہ ہے جس کی کاوشوں کا اعتراف ملکی اور غیر ملکی اداروں نے کیا جو پاکستان کے لیے ایک اعزاز ہے۔

چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ  نیب نے 179 میں سے 105 میگا کرپشن کے ریفرنسزاحتساب عدالتوں میں دائر کیے۔ میگا کرپشن کے 41 مقدمات منطقی انجام تک پہنچائے، 15 مقدمات کی انکوائری اور 18 کی انوسٹی گیشن جاری ہیں۔ 22 ماہ میں 600 مقدمات دائر کیے۔ 71 ارب کی لوٹی ہوئی رقم برآمد کرکے قومی خزانے میں جمع کرائے۔

 نیب کی ملزمان کو سزا دلوانے کی مجموعی شرح 70 فیصد ہے،  نیب کا کسی گروہ، فرد یا پارٹی سے کوئی تعلق نہیں ، نیب صرف اور صرف کیس دیکھتا ہے فیس نہیں دیکھتا اور قانون کے مطابق اپنے فرائض سرانجام دینے پر سختی سے یقین رکھتا ہے۔

Related Posts