ملک کے مختلف شہروں میں شدید گرمی کا راج، درجہ حرارت 51ڈگری ہوگیا

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

شدید گرمی
(فوٹو: جی این این)

ملک کے مختلف شہروں میں شدید گرمی کا راج ہے، درجہ حرارت 40 ڈگری سے زائد رہا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج اور کل سب سے زیادہ گرمی سندھ کے علاقے موہن جو دڑو میں پڑی جہاں درجہ حرارت 51 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

نجی ٹی وی (ڈان نیوز) کی رپورٹ کے مطابق موئن جو دڑو میں پارہ 51 ڈگری کو چھو گیا۔ دوسرے نمبر پر لاڑکانہ، سکھر اور دادو میں بھی درجہ حرارت 51 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ سندھ کے علاقوں نواب شاہ، پڈ عیدن اور مٹھی میں درجہ حرارت 48، چھور اور سکرنڈ میں 46، ٹنڈو جام اور حیدر آباد میں 45 ڈگری ہوگیا۔

آج پنجاب کے شہر رحیم یار خان میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ ڈیرہ غازی خان میں 48، ملتان میں 46، فیصل آباد میں 45 جبکہ راولپنڈی اسلام آباد میں 41 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا۔ لاہور میں بھی گرمی کی شدت برقرار ہے جس کے دوران درجہ حرارت 46 سینٹی گریڈ تک جانے کا خدشہ ہے۔

لاہور کی ہوا میں نمی کا تناسب 38 فیصد ہے، آئندہ ہفتے تک شہر میں بارش کا کوئی امکان نہیں۔ کراچی میں گرمی کی شدت 38 ڈگری تک رہے گی جسے 45 ڈگری تک محسوس کیا جائے گا۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔ شہر میں ہواؤں کی رفتار 18 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔

کراچی کی ہوا میں نمی کا تناسب 68 فیصد ہے۔ شہریوں کو ماہرینِ صحت نے شدید گرمی کے پیشِ نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے کا مشورہ دیا ہے۔ گرمی کی شدت کے دوران پانی کا زیادہ استعمال کرنا چاہئے۔شہر میں مختلف مقامات پر ہیٹ ویو ریلیف کیمپ لگا دئیے گئے۔

Related Posts