کے ٹو کے قریب براڈ پیک پر برفانی تودہ گرنے سے 10 کوہ پیماؤں کی زندگی کو خطرہ

تازہ ترین

تازہ ترین

براڈ پیک
(فوٹو:جیو نیوز)

دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو کے نزدیک واقع براڈ پیک پر برفانی تودہ گر گیا۔ 8 ہزار 47 میٹر بلند براڈ پیک دنیا کی 12ویں بلند ترین چوٹی ہے جس پر تودہ گرنے کے بعد سے تمام کوہ پیماؤں کی قیادت کرنے والے معروف نیپالی کوہ پیما نمس دائی اور پاکستانی کوہ پیما سہیل سخی سمیت 10 کوہ پیماؤں کی زندگی کو خطرہ ہے۔

تفصیلات کے مطابق تمام کوہ پیماؤں سے کئی گھنٹوں سے رابطہ منقطع ہوگیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق الپائن کلب آف پاکستان کا کہنا ہے کہ برفانی تودہ گزشتہ روز دوپہر کے وقت براڈ پیک پر کوہ پیماؤں کے ایک گروپ پر گرا۔ متأثرہ ٹیم میں نیپال سے تعلق رکھنے والے 5 کوہ پیما شامل ہیں۔

براڈ پیک سطح سمندر سے 8,047 میٹر بلند دنیا کی بارہویں بلند ترین چوٹی ہے، جو قراقرم کے پہاڑی سلسلے میں کے ٹو کے قریب واقع ہے اور کے ٹو کی طرح دنیا بھر کے کوہ پیماؤں کیلئے چیلنجز سے بھرپور اور انتہائی دشوار چوٹیوں میں شمار کی جاتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق کوہ پیماؤں کی لاپتہ ہونے والی ٹیم میں ہنزہ سے تعلق رکھنے والے پاکستانی کوہ پیما سہیل سخی، عمانی کوہ پیما نذیرہ، امریکی کوہ پیما میلوری گیس، چینی کوہ پیما مسٹر وانگ اور ایک دیگر غیر ملکی کوہ پیما بھی شامل ہیں۔

دوسری جانب الپائن کلب آف پاکستان کے صدر میجر جنرل عرفان ارشداور کلب کی اعلیٰ قیادت فوری سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کیلئے اعلیٰ حکومتی حکام اور متعلقہ اداروں سے مسلسل رابطے میں ہے۔ موسم اور آپریشنل حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے جلد از جلد ہیلی کاپٹر اور دیگر دستیاب امدادی وسائل کو متحرک کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔

 براڈ پیک بیس کیمپ پر موجود ذرائع نے بھی فوری ہیلی کاپٹر ریسکیو آپریشن شروع کرنے کی اپیل کی ہے۔الپائن کلب آف پاکستان کا کہنا ہے کہ ہم صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے اور تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

Related Posts