آڈیو لیک: سیاست چمکانے کیلئے تحریک انصاف کسی بھی حد تک جاسکتی ہے، مفتاح اسماعیل

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

اسلام آباد: وفاقی وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ سیاست چمکانے کیلئے پاکستان تحریک انصاف کسی بھی حد تک جاسکتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شوکت ترین اور وزیر خزانہ پنجاب محسن لغاری کی آڈیو لیک پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ آڈیو ریکارڈنگ کی گفتگو تحریک انصاف کی جانب سے گری ہوئی حرکت ہے، تحریک انصاف کے رہنماؤں کو شرم آنی چاہئے کیوں کہ اگر ملک نہیں ہوگا تو پی ٹی آئی بھی نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ صرف محسن لغاری نے کہا ہے کہ ریاست کو نقصان ہوگا، کیا عمران خان ریاست سے بڑا ہوگیا ہے اور ملک کے خلاف سازش کرتے ہوئے اسدعمراورتیمورجھگڑا کو شرم نہیں آئی کیوں کہ اگر ملک نہیں ہوگا تو پی ٹی آئی بھی نہیں ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں:

شوکت ترین اور صوبائی وزراء کی گفتگو ریکارڈ کرنا مجرمانہ فعل ہے۔ شیریں مزاری

مفتاح اسماعیل نے بتایا کہ شہبازشریف کے وزیراعظم بننے سے قبل نوازشریف اور شاہد خاقان عباسی سمیت سب کہہ رہے تھے کہ حکومت نہ لو لیکن ہم نے سب کچھ داؤ پر لگا کر ملک بچایا۔

آئی ایم ایف سے متعلق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے آئی ایم ایف سے معاہدہ بھی توڑا ہے، انہوں نے سیلز ٹیکس بڑھانے کا وعدہ کیا تھا لیکن موجودہ حکومت نے سیلز ٹیکس صفر رکھا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:

شوکت ترین کی صوبائی وزراء سے ٹیلیفونک گفتگو کی مبینہ آڈیو لیک

وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے لیک آڈیو سے متعلق کہا کہ شوکت ترین آڈیو میں کہہ رہے ہیں کہ عمران خان سے بات ہوچکی ہے، سیاست چمکانے کیلئے تحریک انصاف والے اس حد تک جاسکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ آئی ایم ایف کی میٹنگ سے 72 گھنٹے پہلے خط لکھا گیا اور تحریک انصاف نے مجھے خط بھیجنے سے پہلے آئی ایم ایف کو بھیج دیا،میں نے ایک گھنٹے بعد ہی چیک کروا لیا تھا کہ وہ خط آئی ایم ایف کے پاس بھی تھا۔

اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس خط اور آڈیو سے آج ان کے اصل چہرے قوم کے سامنے آگئے ہیں، اس معاملے پر عمران خان کو قوم سے معافی مانگنی چاہئے۔

وزیرخزانہ نے کہا کہ عمران خان کو اقتدار کی ہوس ہے لیکن پاکستان کے مفاد کو مقدم سمجھنا ہوگا۔ اگر پاکستان کا مفاد کسی کو مقدم نہیں ہے تووہ حکمرانی کےلائق نہیں ہے۔

Related Posts