کراچی: گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ عمران خان کو جتنی فکر اس قوم کی ہے وہ قائد اعظمؒ اور لیاقت علی خان کے بعد کسی اور کی نہیں۔
گورنرسندھ عمران اسماعیل نے پاکستان کے پہلے وزیراعظم شہید لیاقت علی خان کی 70ویں برسی کے موقع پر ان کے مزار پرحاضری دی، قبر پرپھولوں کی چادرچڑھائی اور فاتحہ خوانی بھی کی۔
اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی محمود مولوی، اراکین سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی ،ڈاکٹر عمران علی شاہ، سعید آفریدی راجہ اظہر اور تحریک انصاف کے رہنما سیف اللہ نیازی سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔
گورنرسندھ نے اس موقع پرمیڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شہید لیاقت علی خان نے قائداعظمؒ کا بھرپور ساتھ دیالیکن ملک دشمن عناصر نے انہیں راولپنڈی کے ایک جلسہ میں شہید کردیا تھا آج بھی ان کی شہادت پاکستان کی سیاسی تاریخ کاسیاہ باب ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہر کراچی کو بیس برس سے زائد قتل و غارت گری میں ڈوبا دیکھا لیکن الحمد اللہ سیکورٹی اداروں کی بے پناہ قربانیوں کی بدولت کراچی ایک بار پھر روشنیوں کا شہر بن رہا ہے ۔
ایک سوال کے جواب میں گورنرسندھ نے کہا کہ پاکستان سب سے کم قیمت پر پیٹرول بیچنے والے ملکوں میں شامل ہے، حکومت کواحساس ہے اسی لئے کوئی نیاٹیکس نہیں لگایا البتہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں بڑھی ہیں لیکن ہمارا وعدہ ہے کہ عالمی منڈی میں قیمت کم ہوتے ہی یہاں بھی فرق آئے گا کیونکہ عمران خان کو جتنی فکر اس قوم کی ہے وہ قائد اعظمؒ اور لیاقت علی خان کے بعد کسی اور کو نہیں۔
مزید پڑھیں:
عید میلادالنبیﷺ، عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ دلہن کی طرح سج گئی، تصاویر وائرل
پاکستان کے پہلے وزیر اعظم لیاقت علی خان کی شہادت کو 70برس مکمل