اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ مولانا کے دھرنے پر کیا بات کرنی، یہ دکانداری چمکانے نکلے ہیں، آج بھی الیکشن کروا لیں عمران خان ان سب کے لیے اکیلے کافی ہیں۔
اسلام آباد میں ڈویلپ سافٹ ویئر اور آٹومیشن سلوشن کے حوالے سے تقریب میں شرکت کے بعد وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی اور مولانا فضل الرحمان کا اتحاد صفر پلس صفر برابر ہے، سب کو ملا کر بھی تحریک انصاف نے شکست دی ہے آئندہ بھی دیں گے مولانا کے دھرنے سے زیادہ برطانوی شہزادے اور شہزادی کے دورے میں دلچسپی رکھتا ہوں۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ترقی یافتہ ممالک خوش قسمت ہیں انہیں مولانا فضل الرحمن اور خادم رضوی جیسے لوگوں کو ڈیل نہیں کرنا پڑتا، پاکستان میں سائنس پر بات کرنا مشکل ہے، 2019 میں وزیر سائنس کو دوربین سے چاند دیکھنے کے مشورے دیے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تنقید کرنے والوں کو سمجھانے میں 200 سال لگے کہ پرنٹنگ پریس حرام نہیں، 50 سال یہ سمجھانے میں لگ گئے کہ اسپیکر کے پیچھے شیطان نہیں بولتا، مولانا کے دھرنے پر کیا بات کرنی، یہ دکانداری چمکانے نکلے ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ اب قمری کیلنڈر کے بارے میں سمجھانے میں ان کو مزید 50 سال لگا دیں، یہ پسماندہ لوگ ان پر کیا بات کرنی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی ابھی اپوزیشن کی طرف توجہ نہیں ہے، (ن) لیگ کوئی نظریاتی پارٹی نہیں ہے، جب کہیں گے فارورڈ بلاک بن جائے گا۔
فواد چوہدری نے تقریب کے دوران جہلم میں ایشیا کا سب سے بڑا بائیو سائنس پارک بنانے کا دعویٰ بھی کیا۔