راولپنڈی : بحریہ ٹاؤن میں 8 سالہ گھریلو ملازمہ زہرہ بی بی پرتشددکی تصدیق ہوگئی، نازک اعضاء پر مارنے سے موت واقع ہوئی، پوسٹ مارٹم رپورٹ پولیس کو موصول ہوگئی۔
بحریہ ٹاون فیزایٹ میں 8 سالہ گھریلو ملازمہ زہرہ بی بی کی پوسٹ مارٹم رپورٹ آ گئی ہے ،رپورٹ کے مطابق آٹھ سالہ گھریلو ملازمہ کے قتل کیس میں تشدد سے ہلاکت کا الزام ثابت ہو گیا ہے ۔
زہرہ بی بی کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملزمان نے کم عمر بچی کو تشدد کے دوران نازک اعضاء پر لاتیں ماریں جو جان لیوا ثابت ہوئیں، ملزمان کے قبضے سے برآمد ہونے والی تشدد کی موبائل ویڈیو کی تحقیقات ایف آئی اے کے حوالے کر دی گئی ہے ۔
ملزمان کے پولی گراف ٹیسٹ اور ڈی این اے ٹیسٹ کی رپورٹ آنا ابھی باقی ہے جبکہ ایک پولیس اہلکار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ مقتولہ آٹھ سالہ گھریلو ملازمہ زہرہ بی بی کی پوسٹ مارٹم رپورٹ روات پولیس کو موصول ہو گئی ہے ۔
رپورٹ میں تشدد سے ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ ملزمان حسن صدیقی اور اس کی اہلیہ نے پالتو طوطے کے پنجرے سے اڑانے پر بدترین تشدد کا نشانہ بنایا تھا جو جان لیوا ثابت ہوا ۔
ملزمان کے پاس پانچ پالتو طوطے تھے، زہرہ بی بی سے پنجرہ غلطی سے کھلا رہ گیا تھا اور طوطے اڑ گئے تھے جس کی پاداش میں ملزمان نے معصوم بچی کوتشدد کرکے مار ڈالا تھا۔
مزید پڑھیں:راولپنڈی میں 8 سالہ زہرہ کے قتل کا واقعہ، بااثر ملزمان نے طبی رپورٹس رکوا دیں