اسلام آباد: وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان کی ہدایات کی روشنی میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے چائلڈ پورنوگرافرز کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا ہے جس کے دوران 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ نے ملک بھر میں بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کی ویڈیوز بنا کر ڈارک ویب کو مہیا کرنے والے ملزمان کی گرفتاریاں شروع کردی ہیں جبکہ چائلڈ پورنوگرافرز کا نیٹ ورک مبینہ طور پر پورے ملک میں پھیلا ہوا ہے۔
ڈی جی ایف آئی اے کی ہدایت پر سب سے پہلے کراچی، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں چھاپے مارے گئے جن کے نتیجے میں 3 ملزمان کو انٹر پول اور عالمی تنظیموں سے حاصل کی گئی معلومات کی روشنی میں گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے موبائل فونز اور دیگر ڈیوائسز برآمد کر لی گئیں۔
ملزمان سے برآمد کیے گئے سامان میں بچوں کی فحش تصاویر اور ویڈیوز بھی شامل ہیں جن پر ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ چائلڈ پورنوگرافی سے ہمارے بچے اور ہماری قوم کا مستقبل تباہ ہورہا ہے۔ ملزمان کو جلد کیفرِ کردار تک پہنچائیں گے۔