کراچی:وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے عزیر بلوچ کی موت کا خطرہ ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماضی کی جے آئی ٹی رپورٹس پبلک ہونی چاہئیں، سمجھ نہیں آتی یہ لوگ جے آئی ٹی کیوں چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر علی زیدی کا کہنا تھا کہ عزیر بلوچ نے جے آئی ٹی کے سامنے جن بڑے بڑے افراد کے نام لئے تھے وہ آج اسمبلیوں میں بیٹھے ہوئے ہیں، اس لئے جے آئی ٹی رپورٹ ضرور پبلک ہونی چاہئے۔
میڈیا کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے علی زیدی نے کہا کہ بلاول جمہوریت کے علم بردار بننے کی کوشش کرتے ہیں۔جے آئی ٹی میں ایسا کیا ہے جو پیپلز پارٹی چھپانا چاہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی جے آئی ٹی رپورٹ روک کر قومی مفاد کے خلاف کام کر رہی ہے۔علی زیدی نے کہا کہ سندھ حکومت کے خلاف پٹیشن دائر کی ہے، جے آئی ٹی پبلک کرنے کے لئے کیس لڑوں گا۔