پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو سیاسی قیدی قرار دینے اور مخصوص نشستوں کے معاملے پر پارٹی کے موقف کی حمایت کا خیرمقدم کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اپنے بیانات کو عملی اقدامات میں تبدیل کریں۔
پی ٹی آئی کے اہم اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور بلاول بھٹو کے حالیہ بیانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کے شرکا نے مطالبہ کیا کہ بلاول بھٹو اپنی سیاسی سنجیدگی اور نیک نیتی ثابت کرنے کے لیے خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے خاتمے کے لیے کردار ادا کریں اور اس کی توسیع کے حق میں قومی اسمبلی میں ووٹ دینے سے گریز کریں۔
اجلاس میں شرکا نے موقف اختیار کیا کہ گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ و توسیع نے صوبے کے سیاسی، معاشی اور انتظامی مسائل میں اضافہ کیا ہے۔ اس کے ساتھ خیبرپختونخوا کے مالی وسائل میں کٹوتیوں اور آئینی حقوق کی ادائیگی میں تاخیر پر بھی تشویش ظاہر کی گئی۔
پی ٹی آئی ارکان کے مطابق وفاقی حکومت نے صوبے کو 160 ارب روپے فراہم کرنے کا وعدہ پورا کرنے کے بجائے 157 ارب روپے کی کٹوتی کی جو صوبے کے مالی حقوق کے منافی ہے۔
اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ مولانا فضل الرحمان سمیت تمام سیاسی رہنماؤں کی جان و مال کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ شرکا نے آئین و قانون کی بالادستی، سیاسی آزادیوں کے تحفظ، خیبرپختونخوا کے جائز مالی حقوق کی فراہمی اور عوامی مینڈیٹ کے احترام کے عزم کا اعادہ کیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








