خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں سیکیورٹی فورسز کی انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیوں کے دوران 22 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشنز 16 اور 17 نومبر کو جنوبی وزیرستان، بنوں اور ٹانک میں کیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی گئی جس کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 15 دہشت گرد مارے گئے۔ ضلع بنوں میں دو الگ الگ جھڑپوں کے دوران مزید 6 دہشتگرد ہلاک ہوئے جبکہ ٹانک میں ایک دہشت گرد کو ہلاک کردیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق کارروائیوں کے دوران ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ مارے جانے والے دہشت گرد علاقے میں متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے۔ علاقے میں مزید ممکنہ دہشت گردوں کی تلاش اور خاتمے کے لیے سرچ اور کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ وژن عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رکھی جائیں گی۔
دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے 22 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بہادری کو سراہا ہے۔
صدر مملکت نے اپنے بیان میں فتنۃ الخوارج کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی کوششوں کو قابلِ تحسین قرار دیا جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اہلکاروں نے اپنی مہارت اور جرأت سے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنائے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کوششیں جاری رہیں گی اور پوری قوم اپنی بہادر افواج اور سیکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








