آبنائے ہرمز میں کشیدگی اور مشرق وسطیٰ سے تیل کی ترسیل کو لاحق خطرات کے باوجود عالمی منڈی میں رسد بڑھنے کی توقعات نے خام تیل کی قیمتوں کو دباؤ میں رکھا تاہم گزشتہ کاروباری سیشن میں نمایاں کمی کے بعد جمعرات کو قیمتوں میں استحکام دیکھا گیا۔
عالمی مارکیٹ میں پاکستانی وقت کے مطابق صبح 9 بج کر 55 منٹ پر برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودے 5 سینٹ اضافے کے ساتھ 92 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئے جو 0.05 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے۔
اس کے برعکس امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) کے دسمبر کے معاہدوں میں 26 سینٹ، یعنی 0.31 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی اور قیمت 83 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔ دسمبر کا معاہدہ جمعہ کو اپنی مدت پوری کر رہا ہے جبکہ جنوری کے زیادہ فعال معاہدے کی قیمت بھی 22 سینٹ کمی کے بعد 82.09 ڈالر فی بیرل پر آگئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری سیشن کے دوران برینٹ خام تیل 1.3 فیصد سستا ہوا تھا جبکہ امریکی ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت میں 3.2 فیصد کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد یہ 26 اگست کے بعد کی کم ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔
دوسری جانب امریکا میں خام تیل کے ذخائر کے تازہ اعدادوشمار نے بھی قیمتوں پر دباؤ بڑھایا ہے۔ امریکی ادارے انرجی انفارمیشن ایڈمنسٹریشن (EIA) کی بدھ کو جاری کردہ رپورٹ کے مطابق 13 نومبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران امریکی خام تیل کے ذخائر میں 34 لاکھ بیرل کا اضافہ ہوا جس کے بعد مجموعی ذخائر بڑھ کر 41 کروڑ 78 لاکھ بیرل ہوگئے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








