خیبرپختونخوا میں صحت کی سہولیات سے متعلق اعدادوشمار نے سرکاری طبی نظام کو درپیش مشکلات واضح کردی ہیں جہاں 4 کروڑ سے زائد آبادی کے لیے محض 8 ہزار 24 ڈاکٹرز خدمات انجام دے رہے ہیں۔
دستیاب رپورٹ کے مطابق صوبے میں ڈاکٹرز کی موجودہ تعداد کے لحاظ سے ہر 5 سے 6 ہزار افراد کے حصے میں صرف ایک ڈاکٹر آتا ہے جبکہ 200 سے زائد مختلف نوعیت کے سرکاری طبی مراکز بھی غیر فعال ہیں۔
رپورٹ میں سرکاری اسپتالوں میں بستروں کی کمی کی نشاندہی کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ اس وقت طبی مراکز میں مجموعی طور پر 18 ہزار 432 بستر دستیاب ہیں تاہم آبادی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے تقریباً 64 ہزار بستروں کی ضرورت ہے۔
دوسری جانب مشیر صحت لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ حکومت نے میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشنز (MTI) ایکٹ میں ترامیم اور اسپتالوں کے آڈٹ کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ہیلتھ کارڈ میں موجود خامیوں کو دور کرکے اس پروگرام کو مزید مؤثر اور بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








