وفاقی دارالحکومت میں نقد لین دین کے خاتمے اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ کے لیے حکومتی اقدامات تیز کردیے گئے ہیں۔ اسلام آباد کو ملک کا پہلا مکمل کیش لیس شہر بنانے کے منصوبے کے تحت 31 دسمبر تک تمام تاجروں کو ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کا حصہ بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جبکہ سرکاری محکموں میں نقد ادائیگیوں کے خاتمے کے لیے 30 نومبر کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور اسے مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لیے مختلف اقدامات پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں واضح کیا گیا کہ کیش لیس نظام کو موثر بنانے کے لیے کاروباری طبقے سمیت تمام متعلقہ فریقوں کو اعتماد میں لینا اور ان کی تجاویز حاصل کرنا ضروری ہے۔
طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی نگرانی میں اسلام آباد کو ڈیجیٹل شہر بنانے کا منصوبہ آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق محسن نقوی وزیراعظم سے اسلام آباد کو پاکستان کا پہلا کیش لیس شہر اور دنیا کا پہلا کیش لیس وفاقی دارالحکومت بنانے کا وعدہ کرچکے ہیں۔
منصوبے کے تحت 30 نومبر کے بعد کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اور اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) انتظامیہ کے محکموں میں نقد ادائیگیوں کا سلسلہ ختم کردیا جائے گا جبکہ سال کے اختتام تک شہر کے تمام تاجروں کو ڈیجیٹل ادائیگیوں کی سہولت سے منسلک کرنے کا ہدف حاصل کیا جائے گا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ اسلام آباد کے 26 ہزار تاجر پہلے ہی ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام سے منسلک ہوچکے ہیں۔ حکومتی منصوبے کے تحت اس سہولت کو مزید وسعت دی جائے گی تاکہ بڑے تجارتی مراکز کے ساتھ چھوٹے دکانداروں اور سڑکوں پر کاروبار کرنے والے ریڑھی بانوں کو بھی ڈیجیٹل لین دین کے نظام میں شامل کیا جاسکے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








