ریلیز سے قبل ہی 665 کروڑ کی کمائی! شاہ رخ خان کی فلم کنگ نے بالی ووڈ کو چونکا دیا

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کی آنے والی فلم کنگ نے سینما گھروں میں نمائش سے قبل ہی مختلف کاروباری معاہدوں کے ذریعے مبینہ طور پر 665 کروڑ روپے کا پری ریلیز بزنس کرلیا ہے تاہم فلم کی مجموعی لاگت اور سرمایہ کاروں کی توقعات کے باعث باکس آفس پر بھی بڑا ہدف درپیش ہے۔

ہدایت کار سدھارتھ آنند کی اس فلم کے حوالے سے پنک ولا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بیرونِ ملک ڈسٹری بیوشن حقوق فارس فلمز نے 175 کروڑ روپے کی کم از کم گارنٹی پر حاصل کیے جبکہ بھارتی ڈسٹری بیوشن حقوق پین مرودھر کو 250 کروڑ روپے میں فروخت کیے گئے۔

رپورٹ کے مطابق نیٹ فلکس نے ڈیجیٹل حقوق 150 کروڑ روپے، سیٹلائٹ حقوق 25 کروڑ روپے اور میوزک حقوق 65 کروڑ روپے میں حاصل کیے۔ یوں مجموعی پری ریلیز کاروبار کا تخمینہ 665 کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔

ابتدائی طور پر فلم کا بجٹ 300 کروڑ روپے بتایا گیا تھا تاہم مختلف میڈیا رپورٹس کے مطابق پروڈکشن لاگت بڑھ کر 400 کروڑ روپے ہوگئی ہے۔ مارکیٹنگ اور شاہ رخ خان کی فیس سمیت مجموعی اخراجات تقریباً 550 کروڑ روپے تک پہنچنے کا امکان ہے۔

رپورٹس کے مطابق مالی اہداف پورے کرنے کے لیے فلم کو دنیا بھر میں کم از کم 800 کروڑ روپے کا باکس آفس بزنس کرنا ہوگا۔

کب ریلیز ہوگی فلم؟

کنگ شاہ رخ خان اور سدھارتھ آنند کا پٹھان کے بعد دوسرا بڑا اشتراک ہے۔ فلم 24 دسمبر 2026 کو سینما گھروں میں ریلیز ہوگی۔

Related Posts