خیبر پختونخوا کے ضلع مہمند میں نامعلوم دہشتگردوں کی جانب سے انسداد پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر معمور اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں دو پولیس جوان جامِ شہادت نوش کر گئے جبکہ ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق یہ لرزہ خیز واقعہ مہمند کے علاقے ڈاگ تمانزئی میں پیش آیا۔ جہاں پولیس اہلکار انسدادِ پولیو مہم کے سلسلے میں اپنی ڈیوٹی سر انجام دینے جا رہے تھے کہ راستے میں پہلے سے گھات لگائے نامعلوم مسلح ملزمان نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
حملے کے نتیجے میں دونوں اہلکار موقع پر ہی شہید ہو گئے جبکہ فائرنگ کی زد میں آکر ایک اور اہلکار زخمی بھی ہوا جسے فوری طور پر طبی امداد کی فراہمی کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
واقعے کے بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کی تلاش اور گرفتاری کے لیے پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر ناکہ بندی کر دی ہے اور سرچ آپریشن جاری ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








