نوابشاہ میں قرض اور مبینہ سود خوروں کے دباؤ نے ایک ماں کو اس قدر بے بس کردیا کہ وہ اپنے چار بچوں کو فروخت کرنے کے لیے پریس کلب پہنچ گئی۔
نوابشاہ سے تعلق رکھنے والی شمشاد بی بی نے الزام عائد کیا ہے کہ بااثر سود خور کی جانب سے 20 لاکھ روپے کی ادائیگی کے مطالبات اور دھمکیوں نے اس کے خاندان کو شدید مشکلات سے دوچار کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شمشاد بی بی اپنے چار بچوں کے ہمراہ قاضی احمد پریس کلب پہنچیں جہاں انہوں نے صحافیوں کو اپنی پریشانی سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ایک بااثر شخص ان سے سود کی مد میں 20 لاکھ روپے طلب کررہا ہے۔
خاتون کا الزام ہے کہ مطالبہ کردہ رقم ادا نہ کرنے پر مذکورہ شخص نے مبینہ طور پر پولیس کے ذریعے ان کے شوہر اللہ رکھیو کھوکھر کو غائب کروا دیا ہے۔
شمشاد بی بی نے بتایا کہ وہ مسلسل دباؤ اور دھمکیوں سے تنگ آچکی ہیں اور اسی مجبوری کے تحت اپنے چار بچوں کو پریس کلب لائی ہیں تاکہ انہیں فروخت کرکے مبینہ طور پر طلب کی جانے والی 20 لاکھ روپے کی رقم ادا کرسکیں۔
خاتون نے وزیر داخلہ سندھ انسپکٹر جنرل پولیس سندھ اور ڈی آئی جی شہید بینظیر آباد سے اپیل کی ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے، انکے شوہر کو بازیاب کرایا جائے اور انہیں مبینہ طور پر ہراساں کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








